پیرس حملوں کے بعد اولاند کی مقبولیت آسمان کو چھونے لگی

فرانسیسی صدر کی مقبولیت 22 فی صد سے بڑھ کر 50 فی صد تک جا پہنچی ،جائزہ رپورٹ

بدھ 2 دسمبر 2015 12:53

پیرس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن02دسمبر۔2015ء)فرانس میں وسط نومبر کو دہشت گردی کے واقعات کے بعد صدر فرانسو اولاند کی مقبولیت میں غیرمعمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ رائے عامہ کے ایک تازہ جائزے کے مطابق صدر اولاند کی مقبولیت 22 فی صد سے بڑھ کر 50 فی صد تک جا پہنچی ہے۔ غیر ملکی میڈیاکے مطابق صدر کی مقبولیت کے حوالے سے تازہ سروے "ایفوب ویڈیو سیل" نامی ایک تنظیم کی جانب سے فرانسیسی جریدے"باری ماچ" اور "سود ریڈی" پر کرایا گیا۔

(جاری ہے)

دونوں مقامات پر ہونے والے رائے عامہ کے جائزے کے مجموعی نتائج جاری کیے گئے ہیں اور بتایا گیا ہے کہ 13 نومبر کو ہونے والے حملوں کے بعد صدر اولاند کی عوامی مقبولیت 22 سے بڑھ کر 50 فی صد تک جا پہنچی ہے۔سنہ 2012ء کے بعد صدر اولاند کی عوامی مقبولیت کی یہ سب سے بہترین پوزیشن ہے۔ پچھلے سال ملک میں بیروزگاری کے اٹھنے والے طوفان نے صدر اولاند کی مقبولیت بری طرح متاثر کی تھی مگر رواں سال مارچ میں حکومت کی جانب سے بے روزگاری کے خاتمے کے اٹھائے گئے بعض اقدامات کے بعد صدر اولاند کی مقبولیت 21 فی صد ہو گئی تھی