اسپین،پاکستانی کمیونٹی کی وزیر اعظم سے ملاقات ، مسائل کے حل کا مطالبہ

بدھ 2 دسمبر 2015 12:54

بارسلونا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن02دسمبر۔2015ء)اسپین کے معروف بزنس مین اورپاکستان اوورسیز الائنس یورپ کے کوآرڈی نیٹر چوہدری سلیم لنگڑیال نے اپنے وفد کے ہمراہ پیرس میں وزیر اعظم پاکستان سے ملاقات کی اور انہیں اسپین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔انہوں نے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے بارسلونا کے لئے بند کی جانے والی قومی ایئر لائن کی ڈائریکٹ فلائٹ دوبارہ شروع کی جائے کیونکہ اس کی بندش سے پاکستانی شہری بہت سی مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔

اسپین میں وفات پانے والے پاکستانیوں کی میتوں کو بہت زیادہ کرایہ اور وقت کے ضیاع کے ساتھ پاکستان روانہ کیا جاتا ہے جو نا انصافی ہے۔قونصلیٹ جنرل آف پاکستان بارسلونا میں مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ بنانے والے عملے کی کمی کی وجہ سے پاسپورٹ بنوانے میں مشکلات درپیش ہیں اس کے لئے عملے میں اضافہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

چوہدری سلیم لنگڑیال نے مزید کہا کہ پاکستانی حکومت سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کے فوری حل کی جانب توجہ دے۔

پنجاب حکومت اوورسیز پاکستانیوں کے لئے بہت کام کر رہی ہے لیکن مرکز میں وفاقی وزارت برائے اوورسیز پاکستانیز ابھی تک فعال کردار ادا نہیں کر سکی۔وزیر اعظم پاکستان نے یقین دلایا کہ وہ اسپین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ ساتھ یورپ بھر کے پاکستانیوں کے مسائل کو جلد حل کریں گے کیونکہ اوورسیز پاکستانی ملک کا سرمایہ ہیں۔اس موقع پر صوبائی محتسب پنجاب کے ایڈوائزر برائے یورپ ناصر چوہان بھی موجود تھے۔