برینڈن میکولم کی ہر طرح سے بھرپور حمایت کریں گے، سٹورٹ ہیل

بدھ 2 دسمبر 2015 13:04

آکلینڈ ۔ 02 دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی02دسمبر۔2015ء) نیوزی لینڈ کرکٹ نے کہا ہے کہ کرس کینز کے بری ہونے کے بعد اگر برینڈن میکولم کو کسی بھی قسم کی مشکل پیش آئی تو وہ ہر طرح سے ان کی حمایت کریں گے۔

(جاری ہے)

کیوی قائد نے رواں برس 15 اکتوبر کو ٹرائل کے دوران ہم وطن پلیئر کینز کے خلاف گواہی دی تھی تاہم لندن کی ساؤتھ ورک کراؤن کورٹ نے تمام تر شواہد کا جائزہ لینے کے بعد انہیں فکسنگ سمیت جھوٹے بیان حلفی کے تمام تر الزامات سے بری کر دیا۔

نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیئرمین سٹورٹ ہیل نے اپنے بیان میں کہا کہ میکولم ہمارے ملازم ہیں انہیں کام کرنے کیلئے محفوظ ماحول فراہم کرنا اور انہیں ہر طرح کے ہراساں اور ذلت سے بچانا ہمارا فرض ہے اور اس سلسلے میں ہم ان کی بھرپور حمایت کریں گے۔ واضح رہے کہ میکولم نے کینز کے خلاف گواہی دی تھی کہ کینز نے 2008ء میں انڈین پریمیئر لیگ کے ابتدائی میچ سے قبل مجھے میچ فکسنگ کی پیشکش کی تھی جسے انہوں نے ٹھکرا دیا تھا۔