مسئلہ کشمیر بنیادی طورپر ایک انسانی اور سیاسی مسئلہ ہے‘میرواعظ عمر فاروق

بدھ 2 دسمبر 2015 13:22

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 دسمبر۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چےئرمین اورجموں وکشمیر عوامی مجلس عمل کے سربراہ میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر بنیادی طورپر ایک انسانی اور سیاسی مسئلہ ہے جسے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد یا پھر سہ فریقی مذاکرات کے ذریعے کشمیری عوام کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق حل کیا جاسکتا ہے ۔

سرینگر میں جموں وکشمیر عوامی مجلس عمل کے ایگزیکٹو اراکین اور یوتھ مجلس عمل کے عہدیداران کے ایک مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میرواعظ عمر فاروق نے کہا کہ حق و صداقت پر مبنی تحریک آزادی 1931ء سے جاری ہے اور مسئلہ کشمیر کے حل سے نہ صرف بھارت اور پاکستان کے درمیان پائیدار دوستی اور امن و مفاہمت قائم ہو سکتی ہے بلکہ پورے خطے میں سلامتی، سیاسی استحکام اور خوشحالی کے مثبت دور کا آغاز ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں حال ہی میں نارہ بل ، بجبہاڑہ، ایچ ایم ٹی، پلوامہ، کپوارہ، عشمقام اور کشمیر کے دیگر علاقوں میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے معصوم نوجوانوں کو ان کی عظیم قربانیوں پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا اور شہداء کے لواحقین اور پسماندگان کے ساتھ دلی تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیاگیا۔اجلاس میں جموں اور وادی چناب کے مختلف علاقوں میں ہندوفرقہ پرست اور انتہا پسند قوتوں کی بڑھتی ہوئی مذموم سرگرمیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے لوگوں کوان قوتوں کی ریشہ دوانیوں سے خبردار رہنے کی اپیل کی گئی۔

اجلاس میں کہا گیا کہ جموں وکشمیر ایک مسلم اکثریتی ریاست ہے اور اس کے اسلامی تشخص ، انفرادیت اور وحدت کی ہر قیمت پر حفاظت کی جائے گی۔اجلاس میں کہا گیا کہ جموں وکشمیر عوامی مجلس عمل شہید رہنمامیرواعظ مولوی محمد فاروق نے اپنے مخلص رفقاء کے ہمراہ کشمیری عوام کو اپنا پیدائشی حق ، حق خودارادیت اور انصاف دلانے کیلئے قائم کی تھی جو اپنے بلند نصب العین کے حصول کیلئے دشواریوں اور رکاوٹوں کے باوجودسرگرم عمل ہے اور وہ حصول مقصد تک اپنی پرامن سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی۔اجلاس میں تنظیم کے رہنما جی۔ این۔ ذکی کی والدہ ماجدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا گیا اور مرحومہ کی جنت نشینی کیلئے خصوصی دعا کی گئی-