روس میں مسلمان علما ء اور سرکاری اہلکاروں میں داعش مخالف کتاب کی تقسیم کا اعلان

بدھ 2 دسمبر 2015 13:53

ماسکو ۔ 02 دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی02دسمبر۔2015ء) روس کے صوبے سوردلووسک میں حکام سرکاری عمال اور مسلمان مبلغین میں ایک بڑی مہم شروع کرنے والے ہیں جس میں دولت اسلامیہ جیسی انتہا پسندتنظیموں اور صدیوں کی روایات کے حامل حقیقی اسلام میں فرق واضح کیا جائے گا۔ستر صفحات کی یہ کتاب خطے کے مسلمانوں کی دینی کونسل نے یورال سٹیٹ مائننگ یونیورسٹی کے شعبہ مذہب شناسی کی معاونت سے تحریر کی ہے۔

یہ کتاب مساجد کے آئمہ اور ان سرکاری اہلکاروں کو دی جائے گی جن کا مسلمانوں کے ساتھ واسطہ پڑتا ہے۔ علاوہ ازیں یہ کتاب بڑے بڑے تعلیمی اداروں کے طلباء اور پروفیسر حضرات کو بھی دی جائے گی۔ایک پروفیسر، جنہوں نے اس کام میں حصہ لیا ہے، بتایاکہ یہ کتاب لکھ کر تقسیم کئے جانے کا فیصلہ اس واقعے کے بعد کیا گیا تھا جب ایک اٹھارہ سالہ روسی طالبہ دولت اسلامیہ میں شامل ہونے کی خاطر گھر کو خیر باد کہہ کر شام چلی گئی تھی۔

(جاری ہے)

اس کتاب میں مسلمانوں کے مذہب کی ایک مختصر تاریخ بیان کی گئی ہے جس میں قرآن میں درج ان واقعات اور اقتباسات پر زور دیا گیا ہے جودیگر اقوام کی سرزمین پر جنگ کے خلاف ہیں۔ اس میں روس کے مسلمانوں کی دینی کونسل جیسی دیگر مسلم تنظیموں کے فیصلوں کو بھی درج کیا گیا ہے جن میں دولت اسلامیہ کی ایک دہشت گرد گروہ کے طور پر نفی کی گئی ہے اور روس کے مسلمانوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ان کی پالیسیوں کی ڈٹ کر مخالفت کریں۔

متعلقہ عنوان :