پیرس حملوں کے بعد صدر اولاند کی مقبولیت میں غیر معمولی اضافہ

بدھ 2 دسمبر 2015 13:56

پیرس۔02 دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی02دسمبر۔2015ء)فرانس میں گذشتہ ماہ دہشت گردی کے واقعات کے بعد صدر فرانسوا اولاند کی مقبولیت میں غیرمعمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ رائے عامہ کے ایک تازہ جائزے کے مطابق صدر اولاند کی مقبولیت 22 فی صد سے بڑھ کر 50 فی صد تک جا پہنچی ہے۔فرانسیسی ذرایع ابلاغ کے مطابق صدر کی مقبولیت کے حوالے سے تازہ سروے "ایفوب ویڈیو سیل" نامی ایک تنظیم کی جانب سے فرانسیسی جریدے"باری ماچ" اور "سود ریڈی" پر کرایا گیا۔

(جاری ہے)

دونوں مقامات پر ہونے والے رائے عامہ کے جائزے کے مجموعی نتائج جاری کیے گئے ہیں اور بتایا گیا ہے کہ 13 نومبر کو ہونے والے حملوں کے بعد صدر اولاند کی عوامی مقبولیت 22 سے بڑھ کر 50 فی صد تک جا پہنچی ہے۔سنہ 2012ء کے بعد صدر اولاند کی عوامی مقبولیت کی یہ سب سے بہترین پوزیشن ہے۔ پچھلے سال ملک میں بیروزگاری کے اٹھنے والے طوفان نے صدر اولاند کی مقبولیت بری طرح متاثر کی تھی مگر رواں سال مارچ میں حکومت کی جانب سے بے روزگاری کے خاتمے کے اٹھائے گئے بعض اقدامات کے بعد صدر اولاند کی مقبولیت 21 فی صد ہو گئی تھی۔