اسرائیل کیساتھ یوٹیوب کی مانیٹرنگ کا کوئی معاہدہ طے نہیں پایا ہے،خبریں بے بنیاد ہیں، گوگل کی ترید

اسرائیل اور گوگل کے درمیان یوٹیوب سے متعلق مواد کی مانیٹرنگ بارے معاہدہ طے پا چکا ہے،اسرائیلی وزارت خارجہ کی تصدیق

بدھ 2 دسمبر 2015 14:17

اسرائیل کیساتھ یوٹیوب کی مانیٹرنگ کا کوئی معاہدہ طے نہیں پایا ہے،خبریں ..

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 دسمبر۔2015ء) عالمی شہرت یافتہ سرچ انجن ’گوگل‘کی جانب سے جاری بیان میں ان خبروں کی سختی سے تردید کی گئی ہے جن میں کہا گیا تھا گوگل نے یوٹیوب پرپوسٹ کردہ مواد کی نگرانی کیلئے اسرائیل کیساتھ ایک معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق گوگل انتظامیہ کی جانب سے واشگاف الفاظ میں بتایا گیا ہے کہ کمپنی کا اسرائیل کیساتھ یوٹیوب پر پوسٹ کئے گئے مواد کی نگرانی کے بارے میں کسی قسم کا کوئی معاہدہ طے نہیں پایا ہے۔

خیال رہے حال ہی میں امریکی اخبار ’انٹرنیشنل بزنس ٹائمز‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ گوگل کمپنی اور نائب اسرائیلی وزیرخارجہ نے باہمی تعاون کے ایک سمجھوتے پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت اسرائیل اور گوگل مل کر یوٹیوب پر اسرائیل مخالف مواد کی نگرانی کرینگے۔

(جاری ہے)

خاص طورپر اسرائیل کیخلاف نسل پرستانہ مظاہر اور فلسطینیوں کے نظام تعلیم سے متعلق مواد کی نگرانی کی جائیگی۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے نے بھی اپنی رپورٹ میں گوگل کے ترجمان کے حوالے سے بتایا ہے کہ سوموار کے روز گوگل کے مشیر قانون جونیپر ڈاؤنز اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر سوسان وجسکی جب کہ اسرائیلی نائب وزیرخارجہ زیپی ہوٹولی کے درمیان ایک ملاقات ہوئی تھی جس میں یوٹیوب پر پوسٹ کیے گئے مواد کی نگرانی کے طریقہ کار پر بات چیت کی گئی تھی۔دوسری جانب اسرائیلی وزارت خارجہ نے اس خبرکی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ اس کے اور گوگل کے درمیان یوٹیوب سے متعلق مواد کی مانیٹرنگ کے حوالے سے ایک معاہدے طے پا چکا ہے۔

متعلقہ عنوان :