بلاول بھٹو اور ا ٓصف زرداری کا اسلام آباد بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کو نشست نہ ملنے کا نوٹس

پارٹی قیادت نے سابق چیئرمین سینیٹ نیئر حسین بخاری اور حاجی نواز کھوکھر سے وضاحت طلب کرلی

بدھ 2 دسمبر 2015 15:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 دسمبر۔2015ء) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین و سابق صدر آصف علی زرداری نے وفاقی دارالحکومت کے بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کو ایک بھی نشست نہ ملنے کا سخت نوٹس لے لیا، پیپلز پارٹی کی قیادت نے پارٹی کے رہنماؤں سابق چیئرمین سینیٹ سید نیئر حسین بخاری اور حاجی نواز کھوکھر سے وضاحت طلب کرلی۔

منگل کو پیپلز پارٹی ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری نے اسلام آباد کے پہلے بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کو ایک بھی نشست نہ ملنے کا سخت نوٹس لے لیاہے اور پارٹی قیادت نے سابق چیئرمین سینیٹ سید نیئر حسین بخاری اورسابق وفاقی وزیر حاجی نواز کھوکھرسے وضاحت طلب کرلی ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ سید نیئر حسین بخاری 2008ء کے عام انتخابات میں اسلام آباد کے حلقہ این اے 49 میں مسلم لیگ (ن) کے طارق فضل چوہدری کو شکست دے کر رکن قومی اسمبلی منتخب ہو گئے تھے جس کے بعد انہیں چیئرمین سینیٹ بنایا گیاتھا جبکہ سید نیئرحسین بخاری کا اس حلقے میں کافی اثر ورسوخ بھی ہے۔

اسلام آباد ہی سے پیپلز پارٹی کے رہنماء حاجی نواز کھوکھر بھی کئی بار رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے اور وفاقی وزیر بھی رہے جبکہ ان کے صاحبزادے مصطفیٰ کھوکھر بھی پیپلزپارٹی کے دور میں وزیر رہے تاہم اس کے باوجود بھی مقامی قیادت نے بلدیاتی انتخابات میں کوئی دلچسپی نہیں لی، جس کی وجہ سے پیپلز پارٹی کے مقامی رہنماؤں نے آزاد حیثیت سے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لیا۔