پاک چین راہداری منصوبے سمیت صوبے کے حقوق کے حصول کیلئے تمام جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر متحد و متفق ہیں،اسد قیصر

بدھ 2 دسمبر 2015 17:22

صوابی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 دسمبر۔2015ء) سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر نے واضح کر دیا ہے کہ پاک چین راہداری منصوبے سمیت صوبے کے حقوق کے حصول کے لئے صوبے کی تمام جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر متحد و متفق ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے بدھ کے روز صوابی کے علاوہ گاڑ منارہ کے مختلف مقامات پر شمسی توانائی سے چلنے والے ٹیوب ویلوں اور بلین ٹریز سونامی پراجیکٹ کے تحت پودوں کی مفت تقسیم کے پروگرام کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقاریب سے خطاب کے دوران کیا۔

سپیکر اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ہمارا صوبہ دہشت گردی کے علاوہ سیلاب اور زلزلوں سمیت قدرتی آفات سے بُری طرح متاثر ہوا ہے ہمارے صوبے کے لئے بیرون دنیاسے آنے والی اربوں ڈالر کی امداد کا ابھی تک صوبے کے عوام کو علم نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ راہداری منصوبے سے متعلق صوبے کی پارلیمانی پارٹیوں کے خدشات و تحفظات کا ازالہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہم پاک چائنہ اقتصادی راہداری منصوبے کے حق میں ہیں مگر صوبے کی تمام جماعتوں کی خواہش ہے کہ اس بارے میں صوبہ کے پی کے سے نا انصافی نہ ہو اور اسے اس کا پورا حق دیا جائے۔ علاقے میں قائم کئے جانے والے شمسی توانائی سے چلنے والے ٹیوب ویلوں کا حوالہ دیتے ہوئے سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ انہوں نے ہر کھیت تک پانی پہنچانے کا تہیہ کر رکھا ہے اور اس کے لئے تمام تر وسائل برؤے کار لائے جارئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شمسی توانائی منصوبے کے تحت قائم کئے جانے والے ٹیوب ویلوں کی دیکھ بھال اور ان کی حفاظت کی ذمہ داری علاقے کے کاشتکاروں اور عوام کی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کے زمیندار مل بیٹھ کر آپس میں شمسی ٹیوب ویلوں کے پانی سے استفادہ کر نے کے لئے ایک تفصیلی پروگرام تر تیب دیں انہوں نے کہا کہ ایک سولر ٹیوب ویل پر ساٹھ سے ستر لاکھ روپے اخراجات آتے ہیں انہوں نے کہا کہ شمسی توانائی سے چلنے والے ٹیوب ویلوں کے پروگرام سے علاقہ میں ایک زرعی انقلاب آئیگا جس سے خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔

سپیکر صوبائی اسمبلی نے کہا کہ علاقے کے لوگ آپس کے مسائل باہمی مشاورت سے مل بیٹھ کر حل کریں کیونکہ ان کا کام علاقے کے لئے بڑے بڑے ترقیاتی منصوبے لانا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کے لئے تر قیاتی فنڈز کی کوئی کمی نہیں۔علاقے میں پودے لگانے کے حوالے سے سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ پودے لگانے سے نہ صرف علاقہ سر سبز و شاداب ہو گا۔

بلکہ اس سے پورے معاشرے پر انتہائی مثبت اور دور رس اثرات مرتب ہو نگے۔ بلکہ اس سے لوگوں کی آمدن میں بھی اضافہ ہو گا انہوں نے کہا کہ علاقے میں پانچ چھ لاکھ پودے تقسیم کئے جائیں گے انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ بنجر اور بے آب و گیا اراضی پر پودے لگا کر اس مہم کو کامیاب بنائیں انہوں نے کہا کہ عمران خان شجر کاری مہم کو کامیاب بنانے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور وہ زیادہ سے زیادہ پودے لگاؤ مہم کو کامیاب دیکھنا چاہتے ہیں۔

ان اجتماعات سے علی حیدر، گوہر خان کے علاوہ کارکنان پی ٹی آئی کے مقامی رہنما عبدالستار خان اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں سپیکر اسد قیصر مقتول کوار ڈنیٹر ڈاکٹر یعقوب کی رہائش گاہ پر بھی گئے اور ان کی روح کی ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔

متعلقہ عنوان :