خضدار میں سڑکوں کا اعلیٰ معیار ،بڑے شہروں کی طرح تعمیر و مرمت ہمارا پہلا اقدام تھا،میئر عبدالرحیم کرد

بدھ 2 دسمبر 2015 17:26

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 دسمبر۔2015ء )میونسپل کارپوریشن خضدار کے میئر میرعبدالرحیم کردنے کہاہے کہ خضدار کے عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کردیا خضدار میں سڑکوں کی اعلیٰ معیار اور بڑے شہروں کی طرح تعمیر و مرمت ہمارا پہلا اقدام تھا جو کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور صوبائی وزیر سردار محمد اسلم کی ذاتی دلچسپی اور کوششوں کا نتیجہ ہے کہ خضدار میں اس بڑے پیمانے پر ترقیاتی منصوبے تشکیل پارہے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ میئر خضدار میر عبدالرحیم کرد نے کہاہے کہ ہم خود متوسط طبقے سے تعلق رکھتے ہیں انہیں عوا م میں سے ہیں ہم سے زیادہ عوام کے دکھ و درد کو کوئی بھی نہیں جانتا ہے ۔ عوام کے دکھ و درد میں شریک رہ کر ان کے مسائل و مشکلات کے حل کے لئے اقدامات پہلے بھی اٹھاتے رہے ہیں اور آئندہ بھی اٹھا تے رہیں گے ۔

(جاری ہے)

عوام کے فلاح وبہبود ہمارے عزائم میں شامل ہے جنہیں حل کرکے عوام کو چین و سکون کی زندگی فراہم کریں گے ۔ میر عبدالرحیم کرد نے کہاکہ مختصر مدت میں اتنے بڑے پیمانے کار کردگی دکھانا صرف نیشنل پارٹی کے قائدین اور نمائندوں کے مرہون منت ہے ۔ جس کی ماضی میں نظیر نہیں ملتی ہے ۔ ہماری کوشش ہے کہ آگے اس سے بھی بڑھ کرشہر میں عوام کے مسائل حل کرنے کی کوشش کریں گے ۔