مری معاہدے پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے، عزیز محمدعمرانی

بدھ 2 دسمبر 2015 17:30

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 دسمبر۔2015ء)مسلم لیگ (ن) کے دیرینہ رہنماء و مسلم لیگ (ن)خضدار کے جنرل سیکریٹری سردار عزیز محمد عمرانی نے کہاہے کہ ہم ہر صورت میں مری معاہدہ پر عملدرآمد کی خواہش مند ہیں اگر مسلم لیگ (ن) کی وفاقی قیادت نے مری معاہدہ پر عملدرآمد نہیں کروائی اورنیشنل پارٹی و پشتونخواہ میپ نے روایات و اقدار کی پاسداری سے کنارہ کش ہو کر اقتدار کے ہوس میں لگے رہے تو اس کا انہیں نہ صرف اگلے چند روز بلکہ تاریخ میں انہیں ہمیشہ رسوائی کا منہ دیکھنا پڑیگا ۔

انہوں نے کہاکہ میں میرا خاندان گزشتہ پچیس سال سے مسلم لیگ (ن) اور میاں نواز شریف کے ساتھ ہیں اگر وزیر اعظم نواز شریف مصلحت کا شکار ہوکر مری معاہدہ پر عملدرآمد کرانے میں تذبذب کا شکار رہے تو ہم اپنی پچیس سالہ رفاقت کو چھوڑکر مسلم لیگ (ن) کو خیر آباد کہیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جس پارٹی میں صرف وفاق اور پنجاب کی بالادستی رہے دیگر و چھوٹے صوبوں میں پارٹی کو نظرانداز کردیا جائے تو ایسے پارٹی میں رہنا اپنے ہی عوام سے دھوکہ کے مترادف ہے ۔

انہوں نے نیشنل پارٹی اور پشتونخوامیپ کو بھی واضح پیغام دیتے ہوئے کہاکہ نیشنل پارٹی اور پشتونخواہ میپ نے وزارت اعلیٰ سے چمٹے رہنے کی کوشش میں اگر معاہدے کی پاسداری نہیں کی تو انہیں بلوچستان کے عوام کی جانب سے بھر پو ر مزاحمت کا سامنا کرنا پڑیگا ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے اراکین ہر صورت میں مری معاہدہ پر عملدرآمد کے حق میں ہیں ۔