چہلم حضرت امام حسینؓ کے جلوس اور عرس حضرت داتا گنج بخشؒ کو مانیٹر کرنے کے لیے کنٹرول روم قائم

24گھنٹے مانیٹرنگ کی جائیگی،بم ڈسپوزل اسکواڈ کا عملہ بھی چہلم کے جلوس کے روٹ کی سویپنگ کریگا‘ ڈی سی او محمد عثمان

بدھ 2 دسمبر 2015 18:06

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 دسمبر۔2015ء) ڈی سی او لاہور کیپٹن(ر) محمد عثمان نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ لاہور نے چہلم حضرت امام حسینؓ کے جلوس اور عرس حضرت داتا گنج بخشؒ کو مانیٹر کرنے کے لیے نادر ہال ڈی سی او آفس میں کنٹرول روم قائم کر دیا ہے اور چہلم حضرت امام حسینؓ کے جلوس کے روٹ اور عرس حضرت داتا گنج بخشؒ کے داخلی اور خارجی راستوں پر سی سی ٹی وی کیمرے لگا دیئے گئے ہیں جن کے ذریعے عرس اور چہلم کے جلوس کے روٹ پر نقل و حرکت پر مناسب نظر رکھی جارہی ہے۔

ڈی سی اولاہور کیپٹن(ر) محمد عثمان نے بتایا کہ اس ضمن میں تمام متعلقہ محکموں کے ملازمین نادر ہال میں 24گھنٹے ڈیوٹیاں سرانجام دے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کا عملہ بھی چہلم کے جلوس کے روٹ کی سویپنگ کرے گاجبکہ پولیس کے ساتھ ساتھ سول ڈیفنس کے ملازمین بھی سکیو رٹی کے حوالے سے ڈیوٹیاں سرانجام دیں گے۔

(جاری ہے)

ڈی سی او لاہور کیپٹن(ر) محمد عثمان نے مزید کہا کہ تمام محکمے ایک دوسرے کے ساتھ مکمل رابطہ میں ہیں علاوہ ازیں ڈی سی او لاہور کیپٹن(ر) محمد عثمان نے نادر ہال میں بنائے گئے کنٹرول روم کا آج دورہ بھی کیا اور وہاں پر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے راستوں اور شاہراؤں کی مانیٹرنگ کے عمل کا خود جائزہ لیا۔

اس موقع پر ڈی سی او لاہور نے بتایا کہ حضرت داتا گنج بخشؒ کے عرس کو ما نیٹر کر نے کے لیے64کیمرے نصب کیے گئے ہیں جبکہ چہلم حضرت امام حسینؓ کے جلوس کو ما نیٹر کر نے کے لیے160کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔