بھارت نے پھر مذاکرات کیلئے پیشگی شرطیں لگانا شروع کر دیں،کشمیر کو سلگتا ہوا مسئلہ ماننے سے بھی انکار

جب تک دراندازی جاری رہے گی تب تک امن مذاکرات ممکن نہیں،بھارتی میڈیا کوبیان

بدھ 2 دسمبر 2015 18:15

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 دسمبر۔2015ء) بھارت نے پھر مذاکرات کے لئے پیشگی شرطیں لگانا شروع کر دی ہیں اور بھارتی وزیر خارجہ سشماسوراج نے کہا ہے کہ مذاکرات کا کوئی متبادل نہیں ہے لیکن مذاکرات کے لیے سرحدپار دراندازی کا خاتمہ لازمی شرط ہے کیونکہ جب تک دراندازی جاری رہے گی تب تک امن مذاکرات ممکن نہیں۔

(جاری ہے)

بھارتی میڈیا کے مطابق اپنے بیان میں سشما سوراج نے وزیراعظم نواز شریف کی طرف سے غیرمشروط مذاکرات کی پیشکش پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مذاکرات کو مشروط کرنے کے حق میں نہیں لیکن جب تک پاکستان سرحدپار دراندازی بند نہیں کرے گا مذاکرات کامیاب نہیں ہو سکتے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان عالمی فورموں پر مسئلہ کشمیر کو اٹھا کر جذبات کا مظاہرہ کر رہا ہے کہ کشمیرسلگتا ہوا مسئلہ ہے حالانکہ ایسا کچھ بھی نہیں ہے کیونکہ کشمیری عوام نے پہلے سے ہی انتخابات میں حصہ لیکر بھارت کیساتھ رہنے کو ترجیح دی ہے۔ ادھر بھارتی حکومت نے ایک بار پھر الزام عائد کیا ہے کہ انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم پاکستان میں موجود ہے جہاں وہ وقتاً فوقتاً اپنے مقامات بدلتا رہتا ہے۔

متعلقہ عنوان :