عوام نے اعتماد کیا تو علاقے کے تمام بنیادی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کروں گا،عبدالناصر تنولی

بدھ 2 دسمبر 2015 18:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 دسمبر۔2015ء)یوسی5 بھینس کالونی ، وارڈ4 اہلیان لیبر ماڈل کالونی کی جانب سے آزاد اُمیدوار جنرل کونسلر عبدالناصرتنولی کی حمایت میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے عبدالناصر تنولی نے کہا کہ اگر عوام نے اعتماد کیا تو علاقے کے تمام بنیادی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کروں گا ۔ اُنہوں نے کہاکہ عوام اس بار سیاسی شعور کا مظاہرہ کریں اور بے لوث اور مخلص قیادت کو منتخب کریں تاکہ اُن کے مسائل فوری حل ہوسکیں اُنہوں نے کہا کہ سیاست کو خدمت سمجھ کر کیاجائے تو عبادت بن جاتی ہے ہمارا عزم ہے کہ غریب عوام کے مسائل حل کئے جائیں اور خدمت کو نصب العین بنایاجائے، پانی ،سڑکیں، سیوریج ،نادرا اور دیگر بنیادی مسائل کامیابی کے بعد فوری طور پر حل کئے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر موجود علاقہ معززین وبزرگ رہنماؤں میں حاجی یوسف،ملک ممتاز،لالہ فرید،چیئرمین رفیق ، حافظ سراج،رہنماسلیم بھائی ، عابد بھائی، ابراہیم خان، حاجی دلبر، حاجی شاہجہان، بابا افضل، حاجی غلام رسول ودیگر نے عبدالناصر تنولی کا خیرمقد م کیا اور کہا کہ نئی جنریشن اور جوان لوگوں کو آگے لانا ضروری ہے کیونکہ یہی لوگ ہمارے ملک کا مستقبل ہیں ۔

علاقہ معززین نے اس موقع پر عوام سے اپیل کی کہ ماضی کی طرح غلط لوگوں کو منتخب کرنے کے بجائے اس بار مخلص قیادت کو منتخب کریں تاکہ اُن کے دیرینہ اور بنیادی مسائل حل ہوسکیں وگرنہ ماضی میں کامیابی کے بعد عوامی نمائندے خصوصی نمائندے بن گئے اور عوام کا کوئی پُرسان حال نہیں رہا ۔ لہٰذا 5دسمبر کو عوام گھروں سے نکلیں اوربکری کے نشان پر مہر لگاکر اپنے مستقبل کو محفوظ بنائیں اور عبدالناصر تنولی کو کامیاب کرائیں اسی میں ہم سب کی بھلائی پوشیدہ ہے ۔ آخر میں تبلیغی جماعت یوسی4 کے امیر بابا افضل نے عبدالناصر تنولی کی کامیابی کے لئے دعائے خیر کی۔