پاک چین اقتصادی راہداری پر تحفظات کے خاتمے کیلئے وزیراعظم اور اسفند یار ولی خان کی ملاقات کے بعد خصوصی کمیٹی کاقیام خوش آئند ہے ، عوامی نیشنل پارٹی راہداری منصوبے کوپاکستان کے کم ترقی یافتہ اور پسماندہ علاقوں کی ترقی کا ضامن سمجھتی ہے اس کی تکمیل سے چار صوبوں کے پسماندہ اضلاع میں معاشی کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ صنعتوں کے قیام سے بے روزگاری کا خاتمہ ہوگا،عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد خان کا بیان

بدھ 2 دسمبر 2015 18:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 دسمبر۔2015ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد خان نے اے این پی کی طرف سے پاک چین اقتصادی راہداری پر تحفظات کے خاتمے کے لئے وزیراعظم میاں نواز شریف اور عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی خان کی ملاقات کے بعد خصوصی کمیٹی کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری کو عوامی نیشنل پارٹی سابق عوامی جمہوری حکومت کے دور 2012 میں کیے گئے معاہدے کے وقت سے ہی پاکستان کے کم ترقی یافتہ اور پسماندہ علاقوں کی ترقی کا ضامن سمجھتی تھی عوامی نیشنل پارٹی کو پورا یقین ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری کی تکمیل سے چار صوبوں کے پسماندہ اضلاع میں معاشی کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ صنعتوں کے قیام سے بے روزگاری کا خاتمہ ہوگا۔

(جاری ہے)

چھوٹے صوبوں میں موجود احساس محرومی میں کمی آئے گی پاکستان کے ہر شہری کو صحت ، تعلیم ، روزگار کے برابر مواقع ملیں گے ۔زاہد خان نے اپنے بیان میں مزید کہا ک پارلیمنٹ کی قائمہ کمیٹیوں ، پارلیمنٹ کے اجلاسوں صوبائی و قومی کانفرنسوں میں بھی پاک چین اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ کے حوالے سے لگاتار خدشات اور تحفظات کا اظہار کیا جاتا رہا جسے میاں نواز شریف نے بروقت تسلیم کر کے قومی مفاد میں درستگی کیلئے اہم ترین کمیٹی قائم کر دی ہے ۔انہوں نے میاں نواز شریف کو تجویز دی کہ پاک چین اقتصادی راہدای کے مغربی روٹ کو جس طرح موٹر وے کی طرز کا منصوبہ قرار دیا گیا ہے بروقت کام شروع کر وا کر موجود خدشات کا ازالہ کریں ۔تاکہ قومی اتفاق ، اتحاد مزید مضبوط ہو۔

متعلقہ عنوان :