ڈینگی کے خاتمہ کیلئے خواتین کا کردار خاص اہمیت کا حامل ہے،وائس چانسلر ڈاکٹر رؤف اعظم

Zeeshan Haider ذیشان حیدر بدھ 2 دسمبر 2015 18:34

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔02 دسمبر۔2015ء) یونیورسٹی آف ایجوکیشن میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن نیشنل آؤٹ ریچ پروگرام کے تحت ڈینگی سے بچاؤ بارے آگاہی سیمینار کا انعقاد بینک روڈ کیمپس میں کیا گیا۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رؤف اعظم نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی ماجد ظہور،پرنسپل ثمینہ ناہید،وائس پرنسپل عذرا سعید ،انچارج پروگرام سمیرا رشید،چلڈرن ہسپتال کے ڈاکٹر آصف منصور اور کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے ڈاکٹرفہیم افضال بطور ریسورس پرسنز اور فیکلٹی ممبران کے علاوہ گھریلو خواتین اور طالبات نے ایک کثیر تعداد میں شرکت کی۔

سیمینار کا بنیادی مقصد طالبات کو ڈینگی بخار کی علامات،تشخیص،حفاظتی تدابیر اپنانے اور ا س موذی مرض سے بچاؤ کیلئے عوام الناس میں کثیر لیول پر شعور اجاگر کرنا تھا۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رؤف اعظم نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی کے خاتمہ کیلئے خواتین کا کردار خاص اہمیت کا حامل ہے۔معاشرتی تعمیر وترقی اور مثبت سماجی تبدیلیوں کیلئے باشعور اور تعلیم یافتہ خواتین و طالبات کا کردار کسی صورت فراموش نہیں کیا جا سکتا ہے۔

انھوں نے شرکائے سیمینارر پر زور دیا کہ وہ ڈینگی کے مکمل خاتمہ کو اپنا قومی فریضہ سمجھتے ہوئے ہر ممکن احتیاطی تدابیر اور دیگر ضروری اقدامات پر سختی سے عمل کریں۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رؤف اعظم نے ڈینگی کے خاتمہ کیلئے وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف اور ان کی ٹیم کو کمٹمنٹ اور گراں قدر خدامات پر خراج تحسین پیش کیا اور مزید جوش و جذبہ کے ساتھ کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

انھوں نے طالبات کو ہدایت کی کہ وہ ڈینگی کے ساتھ ساتھ دیگر معاشرتی مسائل کے خاتمہ کیلئے بھی اپنا جاندار کردار ادا کریں کیونکہ مثبت حقیقی تبدیلی ہی ترقی و خوشحالی کا اصل زینہ ہے۔پرنسپل ثمینہ ناہید نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رؤف اعظم اور دیگر معزز مہمانان گرامی کی تشریف آوری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کیمپس میں جاری اینٹی ڈینگی اقدامات اور متعلقہ امور بارے تفصیلی بریفنگ دی۔سیمینار سے ممبر صوبائی اسمبلی ماجد ظہور،ڈاکٹر آصف منصور اور انچارج پروگرام سمیرا رشید نے بھی خطاب کیا۔بعدازاں کیمپس کے اندر ڈینگی آگاہی واک کا بھی اہتمام کیا گیا اور شرکائے واک میں ڈینگی سے بچاؤ بارے آگاہی پمفلٹس اور دیگر لٹریچر تقسیم کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :