Live Updates

پی ٹی آئی کے اراکین پنجاب اسمبلی کا درآمدی اشیاء پر ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کرنے کے خلاف ایوان وزیر اعلیٰ تک ریلی اور دھرنا

بجٹ خسارہ پورا کرنے کے لئے حکمران اپنے ٹھاٹ باٹ ختم کریں،فوری طور پر پنجاب اسمبلی کا اجلاس بلایا جائے ‘ میاں محمود الرشید

بدھ 2 دسمبر 2015 20:16

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 دسمبر۔2015ء ) پاکستان تحریک انصاف کے اراکین پنجاب اسمبلی نے درآمدی اشیاء پر ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کرنے کیخلاف ایوان وزیر اعلیٰ تک ریلی نکالی اور دھرنا دیا ،پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمودالرشید کی قیادت میں نکالے جانے والی ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھارکھے تھے جن پر نئے ٹیکسز کے خلاف نعرے درج تھے ۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں محمود الرشید نے کہا کہ حکومت نئے ٹیکسز لگا کر عوام کا خون نچوڑ رہی ہے ۔

(جاری ہے)

بجٹ کا خسارہ پورا کرنے کے لئے حکمران اپنے ٹھاٹ باٹ ختم کریں ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے اپنے انتخابی منشور میں کشکول توڑنے کا دعویٰ کیا تھا لیکن اب اس کا سائز مزید بڑا کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف وزیر اعلیٰ ہاؤس کا روزانہ کا خرچ 13لاکھ روپے ہے جبکہ دوسری طرف غریب کو ایک وقت کی روٹی بھی میسر نہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے اقتدارمیں آکر اپنا ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا ۔ مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے ۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ فوری طور پر پنجاب اسمبلی کا اجلاس بلایا جائے جس میں اس معاملے پر بحث کی جائے ۔احتجاجی ریلی اور دھرنے میں پی ٹی آئی کے صرف سات اراکین شریک ہوئے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات