محکمہ صحت پر بلاوجہ تنقید کرنے والوں کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا،عمران اسلم بلیدی

مفاد پرست لوگوں کو پچھلے 20سالوں میں محکمہ صحت یاد نہیں آیا ،بی ایس او پجار

بدھ 2 دسمبر 2015 20:25

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 دسمبر۔2015ء)بی ایس او(پجار) کے مرکزی کمیٹی کے ممبر عمران اسلم بلیدی ،آغا داود شاہ اور ملک زبیر بلوچ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ محکمہ صحت پر بلاوجہ تنقید کرنے والوں کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا مفاد پرست لوگوں کو پچھلے 20سالوں میں محکمہ صحت یاد نہیں آیا کہ محکمہ صحت ایک مخصوص ٹولے کے ہاتھوں یرغمال بناہوا تھا اور محکمے کے لوگ دردر کی ٹھوکریں کھارہے تھے پوسٹیں بازاروں میں فروخت ہورہی تھیں ہرجگہ بولیاں لگ رہی تھیں محکمہ صحت بلوچستان کے دو بڑے ہسپتال بولان میڈیکل ہسپتال اور سنڈیمن پرونشل ہسپتال کھنڈرات کا منظر پیش کر رہے تھے وہاں پر ترقیاتی کام نام کی کوئی چیز نہیں تھی تو یہ مفاد پرست کہاں تھے بالاجواز تنقید کرنا بہت آسان ہے لیکن اپنے دور میں محکمہ صحت کو تباہ کرنے کا بھی اپنے آپ کو ذمہ دارقرار دیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت بالخصو ص محکمہ صحت کے صوبائی وزیر میررحمت صالح بلوچ کی کارکردگی سب کے سامنے ہے موصوف نے پچھلے دو سال میں محکمہ صحت کو ترقی کی راہ پرگامزن کیا ہے محکمے میں مختلف ڈیپارٹمنٹ کو فعال کیا ہے لوگوں کو ڈیوٹی کا پابند بنایا ہے بلوچستان کے مختلف ہسپتالوں میں ادویات فراہم کی ہیں اور ہر جگہ داکٹروں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے بی ایم سی اور سول ہسپتال میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا گیا ہے جس کی مثال پچیس سال میں نہیں ملتی ہے آج آپ کو بی ایم سی ایک کالج اور ہسپتال نظرآئے گا شیخ زید ہسپتال کو ٹیچنگ ہسپتال کا درجہ دیا گیا ہے لیکن کچھ مفاد پرست ہروقت تنقید برائے تنقید کرتے ہیں ہم انہیں بتادینا چاہتے ہیں کہ ہم بھی تنقید کا منہ توڑ جواب دیں گے۔