حضرت امام حسین کے چہلم کے موقع پر مذہبی ہم آہنگی اورامن و امان کے قیام کو یقینی بنایا جائے‘دہشت گردی کے خطرے کو مدنظررکھتے ہوئے ہر پہلوسے حفاظتی اقدامات اٹھائے جائیں، چیئرمین پبلک افیئر ز یونٹ حمزہ شہباز کی پارٹی ورکرز کو ہدایت

بدھ 2 دسمبر 2015 20:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 دسمبر۔2015ء) چیئرمین پبلک افیئر ز یونٹ حمزہ شہبازنے ہدایت کی ہے کہ حضرت امام حسین کے چہلم کے موقع پر لاہور شہراور صوبے بھر میں امن و امان نافذ کرنے والے ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں کسی قسم کی غفلت کوتاہی نہ برتی جائے،بالخصوص دہشت گردی کے خطرے کو مدنظر رکھتے ہوئے ہر پہلوسے حفاظتی اقدامات اٹھائے جائیں ۔

حمزہ شہبازنے کہاکہ بعض ملک دشمن عناصر ایسے مواقع پر مذہبی منافرت کو ہوا دینے اور فرقہ بندی کے نام پر امن تباہ کرنے کی سازش کرسکتے ہیں ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومتی ادارے چوکنا رہتے ہوئے بروقت تمام انتظامات مکمل رکھیں اور عاشورہ کی طرح چہلم کے موقع پر بھی فول پروف سیکورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے ۔

(جاری ہے)

حمزہ شہبازنے کہاکہ قانون نافذکرنے والی ایجنسیوں کے علاوہ اوقاف اور دیگر متعلقہ محکمے بھی اپنے فرائض کی انجام دہی میں کسی قسم کی تاخیر نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ جلوس کے راستوں پر سخت سیکورٹی ، حفاظتی اقدامات ، سیکورٹی کیمروں، جسمانی تلاشی اور دیگر ضروری امور کی بروقت اور صحیح معنوں میں تکمیل کو یقینی بنایا جائے اور ہرضلع میں مقامی انتظامیہ ماضی کی طرح تندہی سے کام لیتے ہوئے اپنے فرائض ادا کرے ۔ حمزہ شہباز نے کہاکہ کسی بھی فرقے کے نام پر تقسیم اور منافرت پیدا کرنا مذہب اور معاشرے کی کوئی خدمت نہیں ، اسلام کے نام لیواسب ایک ہیں اور ہمیں اپنے عقیدے کو نہ چھوڑنے اور دوسرے کے عقیدے کو نہ چھیڑنے کے آفاقی اصول پر عمل کرتے ہوئے آگے بڑھنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ چہلم کے موقع پر ہرضلع میں کنٹرول روم کو بھی موثر رکھاجائے تاکہ خدا نخواستہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کی شکل میں فور ی کاروائی کی جاسکے ۔ حمزہ شہبازنے مسلم لیگی کارکنوں اور پارٹی عہدیداروں سے بھی اپیل کی کہ وہ چہلم کے موقع پر امن و امان کے قیام اور مذہبی ہم آہنگی کو برقرار رکھنے میں اپنا مثبت کردارادا کریں اور معاشرتی بھائی چارے اور رواداری کو جاری رکھنے کی کوششوں میں حکومت کا ہاتھ بٹائیں۔

متعلقہ عنوان :