Live Updates

تحریک انصاف لائیرز ونگ پنجاب کے صدر شاداب جعفری ساتھیوں سمیت پاکستان مسلم لیگ میں شامل

ہم غریب اور عام آدمی کی فلاح کیلئے پنجاب میں انقلابی اقدامات سے تبدیلی لے کر آئے تھے: چودھری پرویزالٰہی

بدھ 2 دسمبر 2015 20:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 دسمبر۔2015ء) مسلم لیگ کے مرکزی رہنما چودھری پرویزالٰہی سے تحریک انصاف لائیرز ونگ پنجاب کے صدر سابق صوبائی چیئرمین الیکشن کمیشن سید شاداب جعفری ایڈووکیٹ اور مقامی رہنما عمر ضیاء خان نے ملاقات کی اور اپنے ساتھیوں سمیت پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر مسلم لیگی رہنما ڈاکٹر عظیم الدین زاہد لکھوی بھی موجود تھے۔

چودھری پرویزالٰہی نے انہیں پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پارٹی ان کے تجربے سے فائدہ اٹھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی لانے کیلئے عملی اقدامات کی ضرورت ہوتی ہے اور ہم نے پنجاب میں اپنی وزارتِ اعلیٰ کے دور میں غریب اور عام آدمی کی فلاح و بہبود، ترقی اور خوشحالی کیلئے انقلابی اقدامات سے یہ کر دکھایا۔

(جاری ہے)

سید شاداب جعفری نے جو تحریک انصاف لاہور کے سابق صدر اور پنجاب اسمبلی کیلئے ٹکٹ ہولڈر بھی ہیں نے کہا کہ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی ایسے سیاستدان ہیں جو ورکر کی عزت اور قدر کرتے ہیں، پنجاب میں چودھری پرویزالٰہی کا 5سالہ دورِ وزارتِ اعلیٰ سنہری دور تھا، اس دوران صوبہ میں وہ کام ہوئے جو پاکستان بننے سے لے کر آج تک نہیں ہوئے، ہم اور ہمارے ساتھی ان کی قیادت میں کام کر کے فخر محسوس کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ میں نظریاتی اور پرانے ورکرز کو ہمیشہ اہمیت دی جاتی ہے اور ان کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات