موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیاں غریب کش ہیں ،جس کا ثبوت منی بجٹ کی شکل میں سامنے آ چکا ہے،راجہ پرویزاشرف

دنیابھر میں پٹرول کی قیمتیں کم ہوئی ہیں مگر موجودہ حکمران اس کے ثمرات عوام تک پہنچانے سے انکار کر رہے ہیں،سابق وزیراعظم

بدھ 2 دسمبر 2015 21:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 دسمبر۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکریٹر ی جنرل سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیاں غریب کش ہیں جس کا ثبوت منی بجٹ کی شکل میں سامنے آ چکا ہے۔ اپنی رہائش گاہ پر مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ آصف علی زرداری کی زیر قیادت جمہوری حکومت میں عوام کو ریلیف دیا گیا اور مہنگائی کو کنٹرول میں رکھا۔

لاکھوں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں ریکارڈ اضافہ کیا، عارضی ملازمین کو مستقل کیا گیا اور انہیں اگلے گریڈ میں ترقی دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی جب بھی اقتدار میں آئی ہے عوام کے بنیادی مسائل کو حل کیا ہے۔ مگر جب پاکستان پیپلزپارٹی کے مخالفین اقتدار میں آتے ہیں تو پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور عوام کو سیاسی انتقام کا نشانہ بناتے ہیں۔

(جاری ہے)

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ دنیابھر میں پٹرول کی قیمتیں کم ہوئی ہیں مگر موجودہ حکمران اس کے ثمرات عوام تک پہنچانے سے انکار کر رہے ہیں جو انتہائی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیل ملز اور پی آئی اے کی نجکاری کسی صورت میں قبول نہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ اسٹیل ملز کی نجکاری کی بجائے اسے اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے پر توجہ دے اور ملازمین کی تنخواہیں اور سہولیات کو یقینی بنائے۔

متعلقہ عنوان :