پاکستان افغانستان میں ٹھوس امن اور استحکام کیلئے خالص پالیسی اختیار کرے، افغان وزیرخارجہ

امن مذاکرات کی کامیابی کیلئے ہمسائیہ ممالک کی حمایت ناگزیر ہے ٗ انٹرویو

بدھ 2 دسمبر 2015 22:03

کابل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 دسمبر۔2015ء) افغانستان کے وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن مذاکرات کی کامیابی کیلئے ہمسائیہ ممالک کی حمایت ناگزیر ہے ٗ افغان حکومت چاہتی ہے کہ ہمسائے ممالک خاص طورپر پاکستان افغانستان میں ٹھوس امن اور استحکام کیلئے خالص پالیسی اختیار کریں ۔

(جاری ہے)

ایک انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں پاکستان امن مذاکرا ت کیلئے پورے عزم کے ساتھ حمایت کرے کیونکہ پاکستان کے بغیر افغانستان میں پائیدار امن اوراستحکام کا حصول مشکل ہے ۔

صلاح الدین ربانی نے کہاکہ نیٹو اور اس کے اتحادیوں نے ایک بار پھر افغان سکیورٹی فورسز کو 2017ء تک ساڑھے چار ارب ڈالر امداد دینے کااعلان کیا ہے ہم ان کے ساتھ ملکر سکیورٹی بڑھانے امن کے فروغ ٗ انسانی حقوق کے احترام اور نیٹو و اتحادیوں کے ساتھ ملکر قوانین بنائینگے ۔واضح رہے کہ افغان وزیر خارجہ نے یہ بات ایسے وقت میں کہی جبکہ پاکستانی وزیراعظم محمد نواز شریف نے گزشتہ روز ایک بیان میں افغانستان میں امن اور استحکام کیلئے بھرپور تعاون کااعلان کیا ہے ۔