خصوصی افراد کی کامیابیاں اجاگر کی جائیں :وزیراعظم

Zeeshan Haider ذیشان حیدر بدھ 2 دسمبر 2015 22:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔02 دسمبر۔2015ء ) وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ حکومت نے خصوصی افراد کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنے اور انہیں بااختیار بنانے کا عزم کر رکھا ہے، معذوری کی بجائے صلاحیتوں پر توجہ دینا زیادہ اہمیت رکھتی ہے۔ کل 3 دسمبر کوخصوصی افراد کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ تمام پاکستانیوں کو چاہئے کہ وہ خصوصی افراد کے ساتھ بہتر برتاؤ کیلئے اپنا فعال کردار ادا کریں۔

وزیراعظم نے کہا کہ دنیا میں تقریباً ایک ارب افراد معذوری سے دوچار ہیں اور ہماری اولین ذمہ داری ہے کہ ان کی صلاحیتوں میں اضافہ کیا جائے اور ان کی ترجیحات کے تعین میں مدد دی جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ خصوصی افراد کے ساتھ عالمی دن منانے کا مقصد معذوری کے مسائل سے آگاہی اور خصوصی افراد کے وقار، بنیادی حقوق و خوشحالی کیلئے تعاون میں اضافہ کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ دن خصوصی افراد کو زندگی کے ہر شعبہ بشمول سماجی، سیاسی، معاشی اور ثقافتی دھارے میں لانے کے جذبے کو تقویت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ خصوصی افراد کو نظر انداز یا الگ تھلگ کرنے کی بجائے انہیں ہر شعبہ ہائے زندگی میں شامل کر کے بااختیار بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال اقوام متحدہ نے خصوصی افراد کے سنجیدہ مسائل کو اجاگر کیا ہے جس میں خصوصی افراد کو بااختیار بنایا جانا شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی زندگی میں شرکت جمہوری استحکام کو یقینی بنانے، فعال شہری زندگی اور معاشرہ میں عدم مساوات کے خاتمہ کیلئے ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم خصوصی افراد کی کامیابیوں کو اجاگر کریں تاکہ بحیثیت انفرادی اور اجتماعی صلاحیتوں کے ساتھ ان کے اعتماد میں اضافہ ہو۔