چین سے دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے :پرویز رشید

Zeeshan Haider ذیشان حیدر بدھ 2 دسمبر 2015 22:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔02 دسمبر۔2015ء ) اطلاعات و نشریات کے وفاقی وزیروفاقی وزیر پرویز رشید نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ دوستی ہماری خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے اور چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور نے اس دوستی کو ایک ٹھوس، اقتصادی بنیاد فراہم کر کے تعلقات کو مزید وسعت دی ہے جسے اب کارپوریٹ سٹرٹیجک پارٹنر شپ قرار دیا جا سکتا ہے۔

کمیونسٹ پارٹی کی سنٹرل کمیٹی کے رکن اور چین کے صوبہ گانسو کے پارٹی سیکرٹری وینگ سین یون کی سربراہی پر مشتمل وفد کے ساتھ ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی ترجیح دیتا ہے۔ یہ دوستانہ تعلقات دونوں ممالک کی عوام کی امنگوں کے مطابق ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاک چین دوستی اس لحاظ سے منفرد ہے کہ اسے پاکستان میں جامع سیاسی، ادارہ جاتی اور عوامی حمایت حاصل ہے۔

(جاری ہے)

پرویز رشید نے کہا کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ ہمارے بہترین سٹرٹیجک تعلقات کے عملی فوائد سے دونوں ممالک کے عوام کو مستفید ہونا چاہئے۔ انہوں نے میڈیا اطلاعات اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون کے ذریعے عوامی سطح پر تعاون کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا اور دوطرفہ ثقافتی تبادلوں کے شعبوں میں تعاون سے ہماری دوستی کی بھرپور روایات آنے والی نسلوں کو منتقل ہونگی۔

چین کی کمیونسٹ پارٹی کی سنٹرل کمیٹی کے رکن کے دورے کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کی کمیونسٹ پارٹی کے ساتھ اپنے رابطے کو مزید مضبوط بنائے گا اور ایک دوسرے کے تجربے سے استفادہ کرے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان انتہا پسندی اور دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے بین الاقوامی برادری کے ساتھ کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی نظریہ یا عقیدہ نہیں جو انسانیت کے دشمن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب بھرپور طریقے سے جاری ہے اور اس کے مثبت نتائج نکل رہے ہیں، ہم دہشت گردوں کے خاتمے تک انہیں ٹارگٹ بنائیں گے۔ وینگ سین یون نے اپنی میزبانی پر حکومت پاکستان سے اظہار تشکر کیا اور پاکستان کی شاندار تہذیب اور اس کے روحانی اور ثقافتی ورثے کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام درپیش چیلنجوں کے باوجود جرات مند اور بہادر ہیں۔

انہوں نے وفاقی وزیر کو چین کے صوبہ گانسو کی سماجی و اقتصادی ترقی کے بارے میں آگاہ کیا اور کہا کہ ان کے صوبہ نے عالمی کساد بازاری کے باوجود 8.9 فیصد شرح نمو برقرار رکھی۔ انہوں نے وفاقی وزیر کو ثقافت کے تحفظ کیلئے اپنے صوبے کی کوششوں سے آگاہ کیا۔ اس سلسلے میں انہوں نے سینیٹر پرویز رشید کو بتایا کہ ان کے صوبہ میں 10700 ورثہ مقامات ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ان کا صوبہ آئندہ سال ستمبر میں ایک بین الاقوامی ثقافتی نمائش منعقد کرے گا۔ انہوں نے وفاقی وزیر کو نمائش میں پاکستان کے ثقافتی ورثے اور پراڈکٹس کو پیش کرنے کی بھی پیشکش کی۔ وینگ سین یون نے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تبادلوں کو مضبوط بنانے کی مختلف تجاویز دیں۔ سینیٹر پرویز رشید نے دعوت پر وفد کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ وہ بین الاقوامی ثقافتی نمائش میں شرکت کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ میری حکومت اور وزارت عملی تجاویز کا سنجیدگی سے جائزہ لے گی۔ ملاقات کے دوران پاکستان میں چین کے سفیر سن وی ڈونگ، سیکرٹری اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ صباء محسن رانجھا، ڈائریکٹر جنرل ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ وزارت اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ شفقت جلیل بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :