چین پاکستان اقتصادی راہداری کا اصل محور صنعتی شعبہ ہے،احسن اقبال

پاکستان چین صنعتی شعبے میں اشتراک کر کے عالمی منڈی میں مصنوعات کو بہتر انداز میں فروغ دے سکتے ہیں،وفد سے گفتگو

بدھ 2 دسمبر 2015 22:22

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔02 دسمبر۔2015ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے پاکستان اور چین صنعتی شعبے میں اشتراک کر کے عالمی منڈی میں اپنی مصنوعات کو بہتر انداز میں فروغ دے سکتے ہیں۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری کا اصل محور صنعتی شعبہ ہے چینی صنعتیں پاکستان میں منتقل ہونے سے چینی کمپنیاں پاکستان میں سستی لیبر سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار چینی صوبے شان شی کے ایک وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا ۔وفد نے پلاننگ کمیشن آف پاکستان میں اعلیٰ حکام اور صنعتی شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد کے ساتھ اجلاس میں چینی صوبے اور پاکستان کے درمیان تجارتی روابط بڑھانے پر مذاکرات کئے۔ احسن اقبال نے کہا چین اور پاکستان کی دوستی ہمالیہ سے اونچی ، سمندر سے گہری اور شہد سے زیادہ میٹھی ہے۔

(جاری ہے)

یہ دوستی اب معاشی شعبے میں اسٹرٹیجک تعلقات میں داخل ہو چکی ہے جس کی سب سے بڑی علامت چین پاکستان اقتصادی راہداری ہے۔ احسن اقبا ل نے کہا پاکستان تین خطوں چین، جنوبی ایشیا اور وسطیٰ ایشیاکے سنگم کے واقع ہے۔ اپنے جغرافیائی محل وقوع کے ذریعے پاکستان تمام خطوں کو باہم مربوط کر کے تمام خطے کے لئے معاشی فوائد پیدا کر سکتا ہے۔ چینی وفد کی پاکستان کے دورے کے متعلق گفت گو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا اس کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور صنعتی شعبے میں تعلقات کو فروغ ملے گا۔ ۔۔شہزاد

متعلقہ عنوان :