افغان صدر کی اسلام آباد ایشیاء کانفرنس میں شرکت کی یقین دہانی خوش آئند ہے،پاکستانی سفیر

افغانستان میں امن کیلئے طالبان ، پاکستان ، علاقائی ممالک ، امریکہ ، برطانیہ ،جرمنی سے مثبت پیغام آ رہا ہے،برطانوی سفیر، اجلاس سے خطاب

بدھ 2 دسمبر 2015 22:22

کابل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔02 دسمبر۔2015ء) پاکستانی سفیر سید ابرار حسین شاہ نے سول سوسائٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کو قریب لانے میں دونوں جانب کی سول سوسائٹی اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے صحافی اور لکھاری اپنی اپنی تحریروں کے ذریعے امن محبت اور دونوں ممالک کے لوگوں کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں ۔

افغان صدر اشرف غنی کی اسلام آباد میں ایشیاء کانفرنس میں شرکت کی یقین دہانی خوش آئند ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے کابل میں ہونے والے ریجنل سول سوسائٹی گروپ کی جانب سے منعقدہ اجلاس میں خطاب کے دوران کیا انہوں نے کہا کہ صحافیوں اور دانشوروں سے ہماری امیدیں وابستہ ہیں اس فورم کے ذریعے دونوں طرف کے صحافی و دانشؤر حضرات مثبت خبروں کی ترویج کو نمایاں حیثیت دیں اس موقع پر افغانستان میں تعینات برطانوی سفیر کیرن پیرس نے پاک افغان سول سوسائٹی کی جانب سے منعقدہ اجلاس کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے فورمز سے دونوں ممالک کے لوگوں کو ایک دوسرے کو سمجھنے اور قریب آنے کا موقع ملتا ہے برطانوی سفیر نے کہا کہ افغانستان میں امن کے لئے طالبان ، پاکستان ، علاقائی ممالک سمیت امریکہ ، برطانیہ اور جرمنی کی جانب سے مثبت پیغام آ رہا ہے اس وقت ہم امن کے دھانے پر کھڑے ہیں اور تھوڑی سی کوشش سے ہم حقیقی اور پائیدار امن کی جانب بڑھ سکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

پاکستانی سول سوسائٹی کے رکن نصیر میمن نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کابل میں ٹھہرنا ایک اچھا تجربہ ہے میں یہاں پر اجنبیت محسوس نہیں کر رہا اور دونوں ممالک کی جانب سے مثبت خبریں آ رہی ہیں جیسا کہ افغان صدر اشرف غنی اور وزیر اعظم نواز شریف نے پیرس میں باہمی ملاقات کی ہے جبکہ اگلے ہفتے افغان صدر اشرف غنی ہونے والے ایشیائی کانفرنس میں شرکت کے لئے خوش آمدید کہیں گے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں سیکورٹی معاملات میں نہیں الجھنا چاہئے کیونکہ افغانستان اور پاکستان کی عوام نہ صرف مشترکہ تاریخ رکھتے ہیں بلکہ ان کی منزل بھی ایک ہے ۔واضح رہے کہ پاکستان سول سوسائٹی کا ایک وفد کابل کے دورے پر ہے اس حوالے سے دوسری علاقائی سول سوسائٹی گروپ میٹنگ کا افتتاح گزشتہ روز ہو گیا ہے ان ملاقاتوں کا اہم مقصد دونوں ممالک کے امن کے فروغ اور پاکستان اور افغانستان کے تعلقات کو مستحکم کرنے کی کوشش ہے گزشتہ روز افتتاحی تقریب میں افغانستان میں تعینات برطانوی سفیر کیرن پیرس افغانستان میں تعینات پاکستانی سفیر سید ابرار حسین ، روس کے سفیر سمیت اعلی حکام نے شرکت کی ۔