اپنا روزگار سکیم کے تحت ضلع چکوال میں کاغذات کی جانچ پڑتال

بدھ 2 دسمبر 2015 22:40

چکوال ۔ 02 دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔02 دسمبر۔2015ء) حکومت پنجاب کی اپنا روزگار سکیم کے تحت ضلع چکوال میں36امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال کی گئی ، چھ امیدواروں کے کاغذات مسترد ہوئے جبکہ تیس کامیاب امیدواروں کے کیسز ڈی سی او چکوال محمود جاوید بھٹی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں پیش کیے گئے۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ سیکرٹری آر ٹی اے چکوال کامران اکبر، ای ڈی او ایجوکیشن ڈاکٹر غلام مرتضیٰ، انسپکٹر ٹریفک پولیس محمد ریاض بھی شریک تھے۔

(جاری ہے)

ڈی سی او چکوال کی زیر نگرانی تصدیق شدہ کاغذات کے حامل امیدواروں کا ٹریفک قوانین اور دیگر قواعد و ضوابط کے حوالے سے ٹیسٹ کیا گیا جس پر ڈی سی او نے تمام امیدواروں کو محکمہ ٹریفک پولیس کو ریفر کرنے کی ہدایت کی تاکہ امیدواروں کو ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک قوانین کی آگاہی اور قواعد و ضوابط سے متعلق مکمل طور پر تربیت فراہم کی جا سکے اور خادم اعلیٰ پنجاب کی جانب سے فراہم کردہ اپنا روزگار سکیم کا صحیح معنوں میں اپنے فائدہ کیلئے بروئے کا ر لا سکیں۔