امن و خوشحالی کیلئے مسلم امہ کو متحد ہو نا چاہئے،مسلم خاتون کو نوبل انعام ملنا پاکستانی عوام کیلئے خوشی کا باعث ہے

صدر مملکت ممنون حسین کی نوبل انعام یافتہ خاتون توکل عبدالسلام کرمان سے بات چیت

بدھ 2 دسمبر 2015 22:41

اسلام آباد ۔ 2 دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔02 دسمبر۔2015ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ مصائب و مشکلات اور امن و خوشحالی کیلئے مسلم امہ کو متحد ہو نا چاہئے۔ یہ بات انہوں نے نوبل انعام یافتہ خاتون توکل عبدالسلام کرمان سے بات چیت کرتے ہوئے کی جنہوں نے صدر مملکت سے ایوان صدر میں ملاقات کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ مسلم خاتون کو نوبل انعام ملنا پاکستانی عوام کے لئے خوشی کا باعث ہے۔

صدر ممنون حسین نے کہا کہ آنسہ توکل عبدالسلام کرمان کم عمر نوبل انعام یافتہ ہیں۔ اس طرح وہ اور ملالہ یوسف زئی تمام نوجوانوں کی نمائندگی بھی کرتی ہیں۔ صدر نے مزید کہا کہ ہمیں آنسہ توکل عبدالسلام کرمان پر فخر ہے۔ انہیں کشمیر، فلسطین، شام، لیبیا، عراق اور یمن کے مظلوم لوگوں کے لئے بھی آواز اٹھانی چاہئے۔

(جاری ہے)

پاکستان خود بھی دہشت گردی کا بری طرح شکار ہوا ہے اور اس سلسلے میں پاکستان کی قربانیاں بے پناہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری ر ہے گا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اپنے تمام ہمسایہ ممالک سے دوستانہ تعلقات کا خواہاں ہے اور افغانستان میں امن کا خواہش مند ہے۔ صدر ممنون حسین نے آنسہ توکل عبدالسلام کرمان کو پاکستان کی بیٹی قرار دیا اور توقع ظاہر کی کہ پاکستان میں ان کا قیام خوش گوار رہے گا۔ اس موقع پر آنسہ توکل عبدالسلام کرمان نے عزت افزائی پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میں پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتی ہوں۔

متعلقہ عنوان :