پاکستان اور کیوبا کے درمیان دوستانہ اور تعاون پر مبنی تعلقات استوار ہیں، پاکستان کیوبا کے ساتھ تمام شعبوں میں اپنے تعلقات کو مستحکم کرنے کا خواہاں ہے

صدر مملکت ممنون حسین کی کیوبا کے سبکدوش ہونے والے سفیر جیسس زینن بیورگو سے گفتگو

بدھ 2 دسمبر 2015 22:41

اسلام آباد ۔ 2 دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔02 دسمبر۔2015ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اور کیوبا کے درمیان دوستانہ اور تعاون پر مبنی تعلقات استوار ہیں۔ پاکستان کیوبا کے ساتھ تمام شعبوں میں اپنے تعلقات کو مستحکم کرنے کا خواہاں ہے جس کی دونوں ممالک کے عوام کے مفاد میں بہت زیادہ گنجائش پائی جاتی ہے۔ انہوں نے یہ بات پاکستان میں کیوبا کے سبکدوش ہونے والے سفیر جیسس زینن بیورگو سے بدھ کو ایوان صدر میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

صدر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارتی تعلقات حقیقی صلاحیت سے کہیں کم ہیں۔ دوطرفہ تجارت کو وسعت دینے کے لئے مربوط کوششیں ہونی چاہئیں جس سے دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ ہوگا۔ صدر نے اعلیٰ قیادت کی سطح پر روابط میں اضافے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وسیع تر عوامی روابط اور تمام شعبوں میں وفود کے بکثرت تبادلوں سے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

(جاری ہے)

صدر ممنون حسین نے 2005ء میں زلزلہ کے بعد پاکستان کے لئے کیوبا کی طبی معاونت کو سراہتے ہوئے 900 سے زائد مستحق پاکستانی میڈیکل طالب علموں کو وظائف کی فراہمی پر کیوبا کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ طالب علم اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد پاکستان میں مفید خدمات فراہم کر رہے ہیں۔ صدر نے نصف صدی سے زائد عرصہ کی پابندیوں کے بعد کیوبا اور امریکہ کے درمیان مکمل سفارتی تعلقات کی بحالی کو خوش آئند قرار دیا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ عالمی امن کے لئے نیک فال ہوگا۔ صدر نے پاکستان اور کیوبا کے درمیان تعلقات کے مزید استحکام کے لئے سبکدوش ہونے والے سفیر کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ سبکدوش ہونے والے سفیر نے پاکستان میں سفارتی مدت کے دوران تعاون پر پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :