بھارت کو آخری ٹیسٹ میں زیر کر کے انگلینڈ کے خلاف سیریز میں جاندار انداز میں شرکت کریں گے،ہاشم آملہ

شکست کا ذمہ دار وکٹ کو ٹھہرانا سمجھ سے بالاتر ہے،کوہلی

بدھ 2 دسمبر 2015 22:43

بھارت کو آخری ٹیسٹ میں زیر کر کے انگلینڈ کے خلاف سیریز میں جاندار انداز ..

نئی دہلی ۔ 2 دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔02 دسمبر۔2015ء) جنوبی افریقی ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز ہاشم آملہ نے کہا ہے کہ بھارت کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز ہارنے کا دکھ ہے، آخری میچ جیت کر انگلینڈ کے خلاف سیریز میں جاندار انداز سے شرکت کریں گے۔ بھارتی ٹیم کے قائد اور سٹار بلے باز ویرات کوہلی نے کہا کہ شکست کا ذمہ دار وکٹ کو ٹھہرانا سمجھ سے بالا تر ہے، اس طرح کی باتیں ہمیں پریشان نہیں کر سکتیں تمام تر توجہ آخری میچ جیتنے پر مرکوز ہے۔

جنوبی افریقہ اور بھارت کے درمیان آخری ٹیسٹ (کل) جمعرات سے شروع ہو گا اور میزبان ٹیم کو سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔ گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں جنوبی افریقن کپتان نے کہا کہ بلاشبہ شکست کا پوری ٹیم کو دکھ ہے لیکن اب تمام تر توجہ آخری میچ پر مرکوز ہے، کوشش ہو گی کہ میچ جیت کر انگلینڈ کے خلاف سیریز میں بھرپور انداز میں شرکت کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پہلے میچز میں ہم سے غلطیاں ہوئیں، امید ہے کہ کھلاڑی آخری ٹیسٹ میں انہیں نہیں دوہرائیں گے، بھارتی ٹیم اچھا کھیل رہی ہے اسے شکست دینے کیلئے کھلاڑیوں کو کھیل کے تینوں شعبوں میں بہتر پرفارم کرنا ہو گا۔ دوسری جانب بھارتی قائد نے کہا کہ شکست کا ذمہ دار وکٹ کو ٹھہرانا درست نہیں، میں نے اس سے پہلے اس طرح کے آرٹیکل نہیں دیکھے، لوگ جو چاہیں لکھیں کیونکہ اس طرح کی باتیں میرے اور کھلاڑیوں کیلئے پریشان کن نہیں، تمام تر توجہ آخری میچ پر مرکوز ہے، امید ہے کہ کھلاڑی عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے ٹیم کو اس میچ میں کامیابی دلانے میں کردار ادا کریں گے۔

متعلقہ عنوان :