ہمیں انسداد پولیو مہم میں قومی فریضے اور خدمت کے جذبے کے ساتھ اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،ڈی سی او حافظ آباد

بدھ 2 دسمبر 2015 22:50

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 دسمبر۔2015ء) ڈسٹرکٹ کوارڈنیشن آفیسر حافظ آباد محمد عثمان نے کہا ہے کہ پولیو کے موذی مرض کا مکمل انسداد اُسی صورت یقینی ہوگا جب متعلقہ محکموں کے ساتھ والدین ،مذہبی رہنماء ،میڈیا اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی اپنی ذمہ داری محسوس کرتے ہوئے پانچ سال تک کے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلانے میں بھر پور تعاون کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پولیو سے پاک معاشرے کی تشکیل کے لیے ہمیں ہر انسداد پولیو مہم میں قومی فرض اور خدمت کے جذبے کے ساتھ اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ضؒعی انسداد پولیو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ایم پی اے ملک فیاض احمد اعوان ،ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر محمد اسلم شاہین ،جی اے آر سعید احمد خان اور کمیٹی کے تمام دیگر ممبران نے اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

ای ڈی او ہیلتھ نے ڈی سی او 14تا 16نومبر کی تین روزہ انسداد پولیو مہم کے حوالہ سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس مہم کے دوران 195890بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے کے لیے 476ٹیمیں تشکیل دی جا چکی ہیں جن کی سپر ویژن کے لیے 81ایریا انچارج اور 42زونل سپروائزرز بھی لگائے گئے ہیں۔ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (WHO)کے نمائندہ ڈاکٹر جنید صولت اور ڈاکٹر عبدالرحمن نے بھی اجلاس کو انسداد پولیو مہم کی اہمیت اور اسکے لیے کئے گئے اقدامات کی مانیٹرنگ کے حوالہ سے بریف کیا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال ملک کے 38اضلاع میں پولیو کے 289کیس رپورٹ ہوئے جبکہ اس سال محکمہ صحت اور عالمی اداروں کی کاوشوں سے کافی بہتری آئی ہے اور ابھی تک 19اضلاع میں 45پولیو کیس رپورٹ ہوئے ہیں جن میں صوبہ پنجاب سے صرف ایک کیس رپورٹ ہوا ہے جس کا تعلق ضلع چکوال سے ہے ۔انہوں نے ڈی سی او اور انکے متعلقہ افسران کا انسداد پولیو مہم کی کامیابی کے لیے مکمل سپورٹ فراہم کرنے پر بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ اس مہم میں بھی تمام ممکنہ وسائل اور تعاون کو یقینی بنایا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :