اگر 7دسمبر تک تمام میڈیا گروپس اور پریس کلبوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم نہ کی گئی تو 8دسمبر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے احتجاجی کیمپ لگایا جائے گا، افضل بٹ

بدھ 2 دسمبر 2015 22:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 دسمبر۔2015ء) پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ نے کہا ہے کہ اگر 7دسمبر تک تمام میڈیا گروپس، اخبارات اور پریس کلبوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم نہ کی گئی تو 8دسمبر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے احتجاجی کیمپ لگایا جائے گا اور یہ احتجاجی کیمپ اپنا مطالبہ پورا ہونے تک جاری رہے گا۔ وہ بدھ کو یہاں نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے میڈیا گروپس پر حملے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کے بعد تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر پی ایف یو جے کے سیکرٹری شہریار احمد و دیگرنے بھی خطاب کیا۔پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ نے کہا کہ ایک ہفتے کے دوران خیبرپختونخوا میں دو صحافی قتل ہوئے، دنیا نیوز فیصل آباد پر حملہ ہوا، ڈان نیوز کی ڈی ایس این جی پر حملہ کیا گیا اور اب کل دن نیوز کے آفس پر حملہ کیا گیا، یہ سب قابل مذمت ہے، پورے پاکستان میں تمام پریس کلبوں میں احتجاج کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت میٹنگز ہوئی تھیں، جس میں ہمیں یقین دلایا گیا تھا کہ تمام میڈیا ہاؤسز اخبارات کے دفاتر اور پریس کلبوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی مگر اب تک نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔ افضل بٹ نے تمام میڈیا مالکان سے یکجہتی کا مظاہرہ کرنے کو کہا اگر ایک ادارے پر حملہ ہوا تو پوری میڈیا کمیونٹی کو یہ سمجھنا چاہیے کہ یہ حملہ ان پر ہوا ہ۔

اس موقع پر پی ایف یو جے کے سیکرٹری شہریاراحمدنے اپنے خطاب میں کہا کہ بہت افسوس کی بات ہے ہم جنہیں جگانا چاہتے ہیں وہ صرف بھاری بوٹوں کی آواز سے ہی جاگتے ہیں، اگرآج ہم محفوظ نہیں ہوں گے تو کل آپ کی جمہوریت کو خطرہ ہو گا تو ہم بھی آپ کے ساتھ نہیں ہوں گے، وہ دن دور نہیں جب 8دسمبر کو پارلیمنٹہاؤس کے سامنے کیمپ لگا کر بیٹھیں گے، ہم مزید لاشیں نہیں اٹھا سکتے۔

پی ایف آر یو جے کے صدر علی رضا علی نے اپنے خطاب میں کہا کہ صحافیوں پر حملے کا یہ سلسلہ اب آگے سے آگے بڑھتا جا رہا ہے، اس بارے میں پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ نے حکومت کو پہلے ہی صحافیوں اور میڈیا ہاؤسز پر حملے سے آگاہ کر دیا تھا، ہمارے ہاتھ میں کلاشنکوف نہیں قلم ہے جو ہمارے تحفظ کی ضمانت ہے اور ہم اپنے حقوق کیلئے آخری دم تک متحد رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :