میڈیا ہاؤسز کی سیکورٹی کے لئے فول پروف انتظامات کئے جا رہے ہیں‘چیف سیکرٹری پنجاب

بلڈنگ کی نوعیت کے مطابق سیکورٹی پلان مرتب کیا جائے گا، پولیس اور انٹیلی جنس ادارے میڈیا ہاؤسز کا دورہ کرینگے ‘سیکرٹری داخلہ پنجاب اعظم سلیمان

بدھ 2 دسمبر 2015 23:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 دسمبر۔2015ء ) چیف سیکرٹری پنجاب خضر حیات گوندل نے کہا ہے کہ میڈیا ہاؤسز کی سیکورٹی کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت اور باہمی تعاون سے فول پروف انتظامات کئے جا رہے ہیں اور اس ضمن میں قلیل المدتی و طویل المدتی ایکشن پلان مرتب کیا جا رہا ہے -ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں سول سیکرٹریٹ کے کمیٹی روم میں میڈیا ہاؤسز کے نمائندوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا - اجلاس میں مشیر وزیر اعلی پنجاب رانا مقبول احمد ، سیکرٹری داخلہ پنجاب ، آئی جی پنجاب ، سیکرٹری اطلاعات، کمشنر لاہور ڈویژن،سی سی پی او لاہور کے علاوہ اعلی حکام نے شرکت کی - چیف سیکرٹری نے کہا کہ میڈیا ہاؤس کی سیکورٹی کے لئے اجلاس منعقد کئے جا رہے ہیں اور وزیر اعلی پنجاب کی خصوصی ہدایات پر میڈیا ہاؤسز کی سیکورٹی کو ہر ممکن یقینی بنانے کے لئے جامع اور موثر حکمت عملی اپنائی گئی ہے-سیکرٹری داخلہ پنجاب اعظم سلیمان نے اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں کو یقین دلایا کہ حکومت پنجاب ان کی حفاظت کے لئے دن رات کوشاں ہے اور میڈیا ہاؤسز کی سیکورٹی کو فول پروف بنانے کے لئے حکومت اپنے تمام وسائل بروئے کار لائے گی - انہوں نے کہا کہ پولیس اور انٹیلی جنس ادارے میڈیا ہاؤسز کا دورہ کریں گے اور میڈیا ہاؤسز کی بلڈنگ کی نوعیت کے مطابق سیکورٹی پلان مرتب کیا جائے گا- انہوں نے میڈیا نمائندگان پر بھی زور دیا کہ وہ اپنے طور پر بھی سیکورٹی پلان مرتب کریں اور اس ضمن میں محکمہ داخلہ پنجاب ان کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا-انہوں نے کہا کہ سی سی پی او ، آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو اس ضمن میں ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ اگر کسی بھی میڈیا ہاؤس کو دھمکی دی گئی ہے تو وہ اس کی سیکورٹی کے حوالے سے فوری کارروائی عمل میں لائیں -سیکرٹری داخلہ نے بتایا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں میڈیا کے کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا او ریہی وجہ ہے کہ آج دہشت گرد اہم سرکاری عمارتوں ،شخصیات ،مساجد کے ساتھ ساتھ میڈیا ہاؤسز کو بھی ٹارگٹ کرنے کی دھمکی دے رہے ہیں - انہوں نے کہا کہ ہم سب مل کر ان کی سازش کو ناکام بنائیں گے -انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں جامع اور بہتر ایس او پیز بھی مرتب کئے جا رہے ہیں اور ریسکیو 1122 اور سول ڈیفنس کے تعاون سے میڈیا ہاؤسز میں تربیتی ورکشاپس کا انعقاد بھی عمل میں لایا جا رہا ہے-اس موقع پر آئی جی پنجاب نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کو گرفتار کرنا اور صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنا پنجاب پولیس کی اولین ترجیح ہے-انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں پنجاب پولیس نے موثر اقدامات اٹھائے ہیں-جس کی وجہ سے جرائم کی شرح میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے -میڈیا ہاؤسز کے نمائندوں نے پنجاب حکومت کے اس اقدام کی تعریف کی اور اس کو احسن قرار دیا -

متعلقہ عنوان :