”چنبیلی“ کی مائرہ خان کی نئی فلم ”بدل“ اگلے ماہ ریلیز ہوگی

”بدل“ میں میرے کردار کو پسند کیا جائے گا، اداکارہ وماڈل مائرہ خان

جمعرات 3 دسمبر 2015 11:39

”چنبیلی“ کی مائرہ خان کی نئی فلم ”بدل“ اگلے ماہ ریلیز ہوگی

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 دسمبر۔2015ء) معروف اداکارہ و ماڈل مائرہ خان کی فلم ”بدل“ 15) جنوری کو ریلیز کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔جمال شاہ کی بطور ڈائریکٹر پہلی فلم کی دیگر کاسٹ میں فردوس جمال، ایوب کھوسو، شامل خان، بلال خٹک، افتخار قیصر اور عبدالرحمان شامل ہیں۔ مائرہ خان جنہوں نے کیریئر کا آغاز ڈرامہ سیریل ”جیسے جانتے نہیں“ سے کیا۔

اس میں جاندار ایکٹنگ پر انھیں متعدد ڈرامہ سیریلز مل گئیں۔ اداکاری کے ساتھ کمپیئرنگ بھی کر رہی ہیں۔ مائرہ خان نے انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ٹی وی کی طرح فلمیں بھی مختلف موضوعات پر بنائی جا رہی ہیں اور فلم بین بھی انھیں پسند کر رہے ہیں۔اس کی وجہ شاید فلم میکنگ میں آنے والوں کا تعلق ٹی وی سے ہی ہے اس لیے وہ چھوٹی اسکرین کی طرح بڑی اسکرین پر بھی کامیڈی، رومانٹک، ایکشن اور تھرل کے ساتھ سوشل موضوعات کا بھی انتخاب کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ماضی میں ہماری فلمیں یکسانیت کا شکار تھیں، اسکرپٹ سمیت کسی بھی شعبے پر توجہ نہیں دی گئی، جس نے اسٹوڈیو اور سینما انڈسٹری کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا تھا۔ پوری دنیا میں فلم میکنگ میں ایک انقلاب آچکا ہے، اس کو ساتھ لے کر ہم آگے بڑھ سکتے ہیں۔سنجیدہ کردار کرنے کے سوال پر اداکارہ کا کہنا تھا کہ کامیڈی سمیت ہر طرح کے کردار کرنا چاہتی ہوں اس بارے میں پروڈیوسر اور ڈائریکٹر سے جب بھی پوچھا تو ان کا ایک ہی جواب ہوتا کہ تم سے بہتر یہ کوئی نہیں کر سکتا۔

”بدل“ میرے کیریئر کی دوسری فلم ہے۔ اس سے قبل سیاسی موضوع پر بنائی جانے والی فلم ”چنبیلی“ ریلیز ہو چکی ہے۔ اس میں بہترین Debut اداکارہ ایوارڈ کے لیے نامزد بھی ہوئی۔ انھوں نے کہا کہ ”بدل“ میں میرے کردار کو پسند کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :