Live Updates

حکمرانوں کو عوام کی جیبوں پر مزید ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے، نئے ٹیکسز کیخلاف بھرپور احتجاج کیا جائیگا‘ پی ٹی آئی پنجاب

جمعرات 3 دسمبر 2015 13:21

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 دسمبر۔2015ء) تحریک انصاف پنجاب میڈیا ٹاسک فورس کے کنوینر جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ حکمرانوں کو عوام کی جیبوں پر مزید ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے، درآمدی اشیاء کی آڑ میں لگائے چالیس ارب کے ٹیکسز کے خلاف ایوانوں کے اندر اور سڑکوں پر بھرپور احتجاج کیا جائے گا ،شہباز شریف نے بطور وزیرا علیٰ پنجاب اتنے ایم او یوز سائن کر لئے ہیں کہ ان دستاویزات کو محفوظ رکھنے کیلئے ایک نئی عمارت کی تعمیر کی ضرورت ہے ،بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں بھی اپنے مد مقابل (ن) لیگ کی صورت میں سرکاری مشینری کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ آج ریاست کے اہم ادارے ملک میں کرپشن اور بد انتظامی کے بارے میں بار بار سوال اٹھا رہے ہیں لیکن حکومت ہے کہ اس پر توجہ دینے کی بجائے سب اچھا کی رٹ لگائے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

حکمران طبقہ اپنے ٹھاٹ باٹ کم کرنے کو تیار نہیں اور اپنے اللے تللے پورے کرنے کے لئے غریب کی جیب پر ڈاکہ ڈالا جارہا ہے ۔

پی ٹی آئی عوام کے ساتھ مل کر بھرپور اپوزیشن کرتے ہوئے حکومت کے اقدامات کے آگے بند باندھے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار سیلاب زدگان کو 11ارب امداد کے دعوے کرتے ہیں لیکن آج بھی ہزاروں خاندان بے سرو سامانی کے عالم میں پڑے ہیں ۔ حکومت کسانوں کو بلدیاتی انتخابات کے لئے وقتی لالچ دینے کی بجائے ریلیف دینے کے لئے حقیقی معنوں میں اقدامات اٹھاتی تو یقینا اس کی تحسین کی جاتی لیکن حکومت نے 341ارب کا اعلان کر کے 100ارب دئیے اور اسکی تقسیم بھی جن بنیادوں پر کی گئی اس سے سب واقف ہیں۔

جمشید اقبال چیمہ نے مزید کہا کہ کل ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں بھی ہمارا مقابلہ (ن) لیگ سے نہیں بلکہ پولیس اور سرکاری مشینری سے ہے اور (ن) لیگ کے لئے کہیں میدان خالی نہیں چھوڑیں گے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات