کشمیر ی مہاجرین کے حقوق پر 70سالوں سے ڈاکے مارنے والوں کا آئندہ انتخابات میں احتساب کریں گے،نورالباری

جمعرات 3 دسمبر 2015 13:24

راولپنڈی،پشاور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 دسمبر۔2015ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے نائب اور امیر حلقہ مہاجرین مقیم پاکستان نورالباری نے کہاہے کہ کشمیر ی مہاجرین کے حقوق پر 70سالوں سے ڈاکے مارنے والوں کا آئندہ انتخابات میں احتساب کریں گے،کشمیری مہاجرین میں کالونیوں اور بستیوں کے نام پر لوٹ مار کرنے والوں کا احتساب کیا جائے اور تحقیقات کی جائیں کہ وہ کن کن افراد کو الاٹ کررہے ہیں گورنمنٹ سے کتنے فنڈز لے رہے ہیں اور زمین پر کتنے لگا رہے ہیں ،مہاجرین کے حلقوں میں حکومت آزاد کشمیر نادرا ریکارڈ کے مطابق ووٹر فہرستیں مرتب کرے ،سٹیٹ سبجیکٹ کی تصدیق کے لیے تمام پارٹیوں کے نمائندوں کو شامل کیا جائے ،جعلی سٹیٹ سبجیکٹ منسوخ کیے جائیں اور اصل کشمیریوں کو سٹیٹ سبجیکٹ جاری کیے جائیں ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دورہ پشاور کے دوران مہاجرین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،دورے کے دوران نورالباری نے روزنامہ عوام الناس کے چیف ایڈیٹر اشرف ڈار کی والدہ کی وفات پر نماز جنازہ میں شرکت کی اور لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ،حضر حیات مرحوم کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور ان کے گھر جا کر لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا ،مسلم لیگ (ن) کے مرکزی راہنما سعید بٹ کے ہاں ان سے ملاقات کی ،نورالباری نے مہاجرین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی مہاجرین کے حقوق کے لیے پہلے بھی جنگ لڑتی رہی ہے اور آج بھی میدان میں موجود ہے جن لوگوں نے مہاجرین کے نام پر کرپشن کی ہے ان کے وسائل لوٹے ہیں ان کو کٹہرے میں لائیں گے و ہ احتساب سے بچ نہیں سکتے انہوں نے کہا کہ پارٹیاں بدلنے اور نئی اڑان بھرنے کی تیاری کرنے والوں کو عوام معاف نہیں کریں گے ۔