جن کو جیل میں ہوناچاہیے و ہ اسمبلیوں میں ہوں گے تو مسائل قیامت تک بھی حل نہیں ہو سکتے‘ڈاکٹر خالد محمود

جمعرات 3 دسمبر 2015 13:24

مجاہد آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 دسمبر۔2015ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے نائب امیر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا ہے کہ جن کو جیل میں ہوناچاہیے و ہ اسمبلیوں میں ہوں گے تو مسائل قیامت تک بھی حل نہیں ہو سکتے ،عوام ایسے افراد کو جو ان کے وسائل اور قومی دولت پر ہاتھ صاف کررہے ہیں ان کو مستردکریں اور ان کی جگہ دیانتدار ایمانتدار اور با صلاحیت لوگوں کو اسمبلی میں بھیجیں تا کہ ان کے مسائل حل ہوں ،ان خیالات کااظہار انہوں نے رابطہ عوام مہم کے دوران مجاہد آباد میں اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر سابق امیر ضلع اور امیر حلقہ نمبر4سردار سجاد انور سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا ،اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمو د نے کہا کہ آزاد کشمیر چھوٹا سا خطہ ہے جو 70سالوں سے مسائل کی آماجگاہ بنا ہوا ہے اربوں روپے کا سالانہ بجٹ مسائل کے حل پہ لگانے کے بجائے چند ٹھیکے داروں اور حکمرانوں کے عزیزوں کی جیبوں میں جا رہا ہے آزاد خطے کی نام نہاد قیادت نے اس خطے کے تشخص کو بھی مجروع کیا ہے تحریک آزادی سے بھی غداری کی ہے اور قوم کے وسائل بھی لوٹے ہیں اب وقت آگیا ہے کہ عوام ان کو مسترد کریں ان سے حساب لیں اور ان کو اسمبلی میں بھیجنے کے بجائے جیل بھجوانے میں جماعت اسلامی کا ساتھ دیں انہوں نے کہا کہ آزاد خطہ قدرتی وسائل ،معدنیات،جنگلات ،پانی جیسی نعمتوں سے مالا مال ہے لیکن نا اہل قیادت ان وسائل کو براؤ کارلا کر اپنی ریاست کو خود کفالت کی جانب گامزن کرنے کے بجائے اسلام آباد کی طرف ہاتھ پھیلائے رکھتی ہے ،ڈیمز پورے پاکستان کو روشن کررہے ہیں اور خود کشمیر اندھیرے میں ڈھوبے ہوئے ہیں متاثرین زلزلہ کے وہ فنڈز جو عالمی برادری نے دئیے تھے وہ بھی اس نا اہل قیادت نے یہاں سے منتقل کروائے جو تاحال واپس نہیں ہو سکے جس کی وجہ سے ہمارے بچے چھتوں کے بغیر شدید سردی اور شدید گرمی میں تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں نیلم جہلم ہائیڈل پراجیکٹ واپڈا سے کوئی معاہدہ کیے بغیر تعمیر ہو رہے ہیں جو ہماری حکومت کی نا اہلی کا ثبوت ہے ،انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی امید کی واحد کرن ہے جو کشمیریوں کے حقوق کی جنگ لڑر ہی ہے کرپشن ،ظلم و انصافی کے خاتمے کی جنگ لڑرہی ہے اور ساتھ ہی ساتھ مخلوق خدا کو خد ا کی طرف رجوع کروانے کی دعوت دے رہی ہے اللہ اور ا سکے رسول کی اطاعت سے ہی ہم دنیا اور آخرت میں کامیاب او رکامران ہو سکتے ہیں اللہ کی دھرتی پر اللہ کے قانون کے بغیر کوئی اور قانون ہمیں تحفظ فراہم کرنے کے بجائے عدم تحفظ کا شکار کرتا چلا جائے گا ضرورت اس امر کی ہے کہ اللہ کے قانون کے نفاذ کے لیے جدوجہد کی جائے اور جماعت اسلامی کا ساتھ دیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :