نیشنل بینک ہیومن ریسورسز ڈیپارٹمنٹ کی اقرباء پروری، 85برانچوں کے ملازمین کی بلدیاتی انتخابات میں ڈیوٹیاں لگادیں

جمعرات 3 دسمبر 2015 13:42

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن03دسمبر۔2015ء) نیشنل بینک آف پاکستان کے ہیومن ریسورسز ڈیپارٹمنٹ نے اقرباء پروری کا مظاہرہ کرتے ہوئے کراچی کے 5 اضلاع میں واقع نیشنل بینک کی 85برانچوں کے اہم عہدوں پر فائز ملازمین کی بلدیاتی انتخابات میں ڈیوٹیاں لگادیں جس کے باعث ان برانچوں میں بینکاری سرگرمیاں ٹھپ ہوکر رہ گئیں ہیں اور صارفین کی شکایت کی بھرمار لگ گئی ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق نیشنل بینک کے ہیومن ریسورسز اور آپریشن ڈیپارٹمنٹ نے ہیڈآفس اور ریجنل آفس کے ملازمین کو الیکشن ڈیوٹی دینے سے بچالیا ہے ، اس ضمن میں ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ کراچی میں 5 دسمبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں ڈیوٹیوں کی انجام دہی کے لیے نیشنل بینک آف پاکستان کی انتظامیہ نے انتہائی غیر ذمہ دارانہ طرز عمل اختیار کرتے ہوئے کراچی بھر کے برانچوں کے ان ملازمین کے نام بھی شامل کردئیے ہیں جن کی عدم موجودگی سے بینکاری سرگرمیاں متاثر ہونا شروع ہوگئی ہے، ذرائع نے بتایا کہ ہیومن ریسورسز ڈیپارٹمنٹ نے شہر کے 5 اضلاع میں نیشنل بینک کی تقریباً 85 کے قریب برانچوں میں سے ہر برانچ سے تقریباً 5 ملازمین کی بلدیاتی انتخابات کے موقع پر ڈیوٹی لگادی ہے جن میں برانچ منیجر، ہیڈکیشر، جوائنٹ کسٹوڈین ، کیش بک رائٹر شامل ہیں برانچ کے اہم ذمہ داروں کی ڈیوٹی لگنے سے برانچ میں بنکاری نظام معطل ہو کر رہ گیا ہے ، ذرائع نے بتایا کہ قومی بینک کے محکمہ ایچ آر اور محکمہ آپریشن نے ہیڈآفس اور ریجنل آفس کے ملازمین کو بلدیاتی انتخابات کی ڈیوٹی سے دور رکھا ، ذرائع کا کہنا ہے کہ ماہ دسمبر کے ابتدائی دنوں میں تنخواہ لینے والوں کادباوٴ ہوتا ہے جبکہ دوسری جانب حال ہی میں قومی بنک کی انتظامیہ نے بینکاری نظام کوپروفائل پر تبدیل کردیا ہے بیشتر ملازمین نئے پروفائل سسٹم سے واقف ہی نہیں ہے جو ملازمین وافسران اس پروفائل سسٹم کی جانکاری رکھتے تھے وہ بلدیاتی انتخابات میں ڈیوٹی کی انجام دہی میں مصروف ہوچکے ہیں اس صورتحال میں دوسرے اداروں کے سرکاری ملازمین کی بڑی تعداد کو تنخواہوں کی ادائیگی کے حوالے سے مشکلات درپیش آرہی ہیں جبکہ بینکاری نظام بھی تعطل کا شکار ہوتا جا رہا ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر بینک کا کوئی ملازمین بلدیاتی ڈیوٹی کی انجام دہی سے گریز کرتا ہے تو اس کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری ہورہے ہیں جس سے ملازمین کو خوف وہراس پایا جاتا ہے۔

متعلقہ عنوان :