پاکستان سپر لیگ میں ٹیموں کی نیلامی کا عمل مکمل کر لیا گیا

پاکستان سپر لیگ اگلے سال 4فروری سے 24فروری تک متحدہ عرب امارات میں کھیلی جائے گی، دنیائے کرکٹ کے لیجنڈ کھلاڑی شرکت کرینگے

جمعرات 3 دسمبر 2015 17:27

پاکستان سپر لیگ میں ٹیموں کی نیلامی کا عمل مکمل کر لیا گیا

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔03 دسمبر۔2015ء) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل )میں ٹیموں کی نیلامی کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نیلامی کا عمل پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )کے ہیڈکوارٹرز میں ہوا جس میں پی ایس ایل کی ٹیموں لاہور ، اسلام آباد ، کراچی ، کوئٹہ اور پشاور کی نیلامی کا عمل مکمل کیا گیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق کراچی کی ٹیم نجی ٹی وی چینل کے مالک سلمان اقبال نے خریدی جس کی بولی نیلامی کی مہنگی ترین بولی رہی۔

لاہور کی ٹیم قطر آئل ، کوئٹہ کی ٹیم عمر ایسوسی ایٹس ، پشاور کی ٹیم ہائر گروپ اور اسلام آباد کی ٹیم متحد ہ عرب امارات سے تعلق رکھنے والے کیپ وینچر گروپ نے خریدی۔ یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ اگلے سال 4فروری سے 24فروری تک متحدہ عرب امارات میں کھیلی جائے گی جس میں کیون پیٹرسن، کمار سنگا کارا اور مہیلا جے وردنے سمیت نامور غیر ملکی کھلاڑیو ں سمیت 150سے زائد پلیئر اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔