5 دسمبر کو عوام پتنگ پرمہر ثبت کرکے ثابت کردیں گے کہ الطاف حسین انکے دلوں میں دھڑکتے ہیں، شبیر قائم خانی

کراچی ملک کو 75فیصد سے زائد رینیو دیتاہے مگر قومی وسائل میں اسکو 1فیصد حصہ بھی نہیں دیا جاتا، رؤف صدیقی کا کارنرمیٹنگ سے خطاب `

جمعرات 3 دسمبر 2015 20:41

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 دسمبر۔2015ء) متحدہ قومی موومنٹ کے زیر اہتمام بلدیاتی انتخابات 2015ء کے سلسلے میں یوسی 02 ڈیفنس ویو اور یوسی 06 محمود آباد میں علیحدہ علیحدہ کارنر میٹنگز کا اہتمام کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں نوجوان، بزرگوں اور خواتین نے شرکت کی۔ اس موقع پر یوسی 02 ڈیفنس ویو میں منعقدہ کارنر میٹنگ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن شبیر احمد قائم خانی نے کہا کہ 05 دسمبر کو عوام پتنگ پر اپنے اعتماد کی مہر لگاکر ایک مرتبہ پھر ثابت کردیں گے کہ الطاف حسین کراچی کی عوام کے دلوں میں دھڑکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج کراچی میں طالبان کے دو سیاسی ونگز نے آپس میں اتحاد کرکے کراچی کو فتح کرنے کا خواب دیکھ رہے ہیں لیکن شاید وہ بھول گئے کہ کراچی کے عوام باشعور اور پڑھے لکھے عوام ہیں۔

(جاری ہے)

وہ محض زبانی کلامی دعوؤں کی بنیاد پر نہیں بلکہ عمل کی بنیاد پر ووٹ دیتے ہیں اور تاریخ گواہ ہے کہ جب ایم کیو ایم کو اقتدار ملاہم نے کراچی کی عوام تک سہولیات ان کے گھر کی دہلیز پر پہنچائی۔

اس موقع پر حق پرست رکن سندھ اسمبلی رؤف صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سندھ کے شہری علاقوں کو انکے حقو ق نہیں دئیے جارہے ہیں ،کراچی ملک کو 75فیصد سے زائد رینیو دیتاہے لیکن قومی وسائل میں ان کو 1فیصد حصہ بھی نہیں دیا جاتا یہی وجہ ہے کہ ایم کیوا یم سندھ کے شہری علاقوں کو انکے حقوق دلانے کیلئے میدان عمل میں سرگرم ہے۔اس موقع پرنامزد بلدیاتی امیدواران اور بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔