لاہور، جرمنی کے ادارے جی آئی زیڈ کے وفد کی سیکرٹری صحت پنجاب سے ملاقات

جی آئی زیڈ سوشل ہیلتھ پروٹیکشن کے شعبہ میں تعاون فراہم کرے گا،جواد رفیق ملک

جمعرات 3 دسمبر 2015 21:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔03 دسمبر۔2015ء) جرمنی کے ادارے GIZکے پانچ رکنی وفد نے سیکرٹری ہیلتھ پنجاب جواد رفیق ملک سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ وفد کی سربراہی پبلک ہیلتھ پروگرام کے کنسلٹنٹ ایبرہارڈ کوب (Eberhard Koob)کر رہے تھے۔ وفد میں GIZکے پاکستان میں نمائندے عمران مسعود بھی شامل تھے۔ ملاقات میں سپیشل سیکرٹری ہیلتھ گلزار حسین، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر امجد شہزاد، ممبر ہیلتھ پی اینڈ ڈی ڈاکٹر شبانہ اور پالیسی اینڈ سٹریٹجک پلاننگ یونٹ (PSPU)کی ایڈیشنل پروگرام منیجر ڈاکٹر زاہدہ سرور اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

سیکرٹری ہیلتھ نے پنجاب میں صحت کے شعبہ میں ہونے والے ریفارمز اور غریب مریضوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر کئے گئے اقدامات سے وفد کو آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

جواد رفیق ملک نے بتایا کہ وفاقی حکومت کے علاوہ صوبائی حکومت بھی پنجاب میں ہیلتھ انشورنس سکیم شروع کر رہی ہے اور توقع ہے کہ یہ سکیم مارچ 2016ء میں شروع کر دی جائے گی جس کیلئے تیاریاں مکمل کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے بتایاکہ ہیلتھ انشورنس سکیم کیلئے پانچ فرموں کی شارٹ لسٹنگ کر لی گئی ہے اور متعلقہ فرمیں اپنی Bidsدیں گی اور ایک ہفتہ کے اندر ان کا جائزہ لے کر کوالیفائی کرنے والی انشورنس فرم کو ہیلتھ انشورنس شروع کرنے کا ذمہ دے دیا جائے گا۔سیکرٹری صحت نے بتایا کہ ہیلتھ انشورنس سکیم کے معاملات چلانے کیلئے پنجاب ہیلتھ مینجمنٹ انیشیٹوز کمپنی (PHMIC)قائم کر دی گئی ہے۔

جواد رفیق ملک نے کہاکہ محکمہ صحت پنجاب نے اپنے ہیلتھ منیجرز کو ٹارگٹس دیئے ہیں اور انہیں بااختیار بنایا ہے اور اچھی کارکردگی کیلئے انہیں مراعات (Incentives) بھی دی جا رہی ہیں۔ سیکرٹری صحت نے بتایا کہ محکمہ صحت میں ہر قسم کی خریداری (Procurment) کیلئے ٹرانسپرنسی کو فوقیت دی جاتی ہے جس کیلئے PAPRA رولز کو سختی سے فالو کیاجاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز کا قیام بھی جلد عمل میں آجائے گا۔

جرمن وفد کے سربراہ ایبرہارڈ کوب (Eberhard Koob) نے پنجاب میں صحت کے شعبہ میں ہونے والی اصلاحات اور غریب مریضوں کو سوشل ہیلتھ پروٹیکشن فراہم کرنے کیلئے ہیلتھ انشورنس سکیم کے اجراء اور دیگر اقدامات کو سراہتے ہوئے موجودہ تعاون کو مزید فروغ دینے اور مستقبل میں لانگ ٹرم ٹیکنیکل کواپریشن کیلئے پوٹینشل ایریاز تلاش کرنے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ انہوں نے کہاکہ جرمنی کا ادارہ سوشل پروٹیکشن اور ہیلتھ کے شعبہ میں پنجاب کے ساتھ تعاون کو فروغ دے گا۔ سیکرٹری صحت جواد رفیق ملک نے کہاکہ پنجاب حکومت ہیلتھ اور سوشل سیکٹر کی ترقی اور صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے کیلئے جرمن کے ادارے GIZکے تعاون اور ٹیکنیکل In put کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

متعلقہ عنوان :