وزارت داخلہ نے عمران فاروق قتل کیس کی ایف آئی آر درج کرنے کیلئے ایف آئی اے کو تحریری احکامات جاری کردیئے

جمعرات 3 دسمبر 2015 23:02

وزارت داخلہ نے عمران فاروق قتل کیس کی ایف آئی آر درج کرنے کیلئے ایف ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔03 دسمبر۔2015ء) وزارت داخلہ نے ایم کیو یم کے رہنما ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کی ایف آئی آر درج کرنے کیلئے ایف آئی اے کو تحریری احکامات جاری کردیئے۔ یہ مقدمہ ایف آئی اے اسلام آباد کے انسداد دہشت گردی ونگ میں درج ہو گا۔ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے عمران فاروق قتل کیس کی ایف آئی آ ر درج کرنے کی منظوری دیتے ہوئے ایف آئی اے کو کارروائی کیلئے احکامات جاری کردیئے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ مقدمہ گرفتار ملزمان سے تفتیش کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ کی روشنی میں ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز میں ڈا ئریکٹرانسداد دہشتگردی ونگ میں درج کیا جائیگا۔ اس ونگ کو تئیس ستمبر کے ایک نوٹیفکیشن میں پولیس سٹیشن کا درجہ دیا گیا تھا،عمران فاروق قتل کیس کی ایف آئی آر میں ملزمان معظم علی، خالد شمیم، محسن علی اور کاشف کونامزد کیا جائے گا۔ ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں تین ملزمان اس وقت سیکیورٹی اداروں کے پاس زیر حراست ہیں جبکہ وزارت داخلہ ایک اور ملزم کاشف علی کی ہلاکت یا زندہ ہونے کی تصدیق نہیں کر رہی۔ مقدمے کے اندارج کے فوری بعد زیر حراست تینوں ملزمان ایف آئی اے کی تحویل میں دے دیئے جائیں گے۔