5 دسمبر کا سورج حق پرستوں کی فتح کی نوید لے کر طلوع ہوگا، رکن رابطہ کمیٹی محمد حسین

جمعرات 3 دسمبر 2015 23:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 دسمبر۔2015ء) متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے بدھ کے روز قصبہ علیگڑھ اور اورنگی ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں بڑی انتخابی ریلی نکالی گئی۔ اس انتخابی ریلی کی سربراہی اراکین رابطہ کمیٹی ایم کیو ایم محمد حسین، مطیع الرحمان اور گل فراز خان خٹک کررہے تھے۔ اس موقع پر ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن محمد حسین نے کہا کہ قصبہ علیگڑھ اور اورنگی ٹاؤن کی عوام نے ہمیشہ الطاف حسین اور ایم کیو ایم کا ساتھ دیا ہے اور کڑے سے کڑے حالات میں بھی ثابت قدم رہے۔

انہوں نے کہا کہ 05 دسمبر کا سورج حق پرستوں کی فتح کی نوید لے کر طلوع ہوگا اور ماضی کی طرح اس بار بھی قصبہ علیگڑھ و اورنگی ٹاؤن کے عوام ایم کیو ایم کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج کراچی میں مسائل کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں ، آج کراچی کی عوام پانی کو ترس گئی ہے صاف ستھرائی کا انتہائی ناقص انتظام کی وجہ سے جگہ جگہ گندگی اور غلاظت کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے طرح طرح کے وبائی امراض پھیل رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے اپنے سابقہ بلدیاتی دور میں عوامی خدمات کے وہ کارنامے انجام دیئے کہ جس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی اور یہ ایم کیو ایم ہی ہے کہ جس کے دو میئرز کا شمار دنیا کے بہترین میئرز میں ہوتا ہے۔ اس موقع پر ایم کیوایم کے حق پرست اراکین اسمبلی اقبال قادری، سیف الدین خالد ، محبوب عالم، قصبہ علیگڑھ اور اورنگی سیکٹرز و یونٹس کے ذمہ داران و کارکنان سمیت بڑی تعداد میں نوجوانوں نے شرکت کی جبکہ ریلی کے دوران قصبہ علیگڑھ اور اورنگی ٹاؤن کے 20 مختلف مقامات پر اراکین رابطہ کمیٹی نے پرچم کشائی کی۔