محمد حفیظ نے ون ڈے ٹیم کے ناقص کھیل کی ذمہ داری مصباح الحق پر ڈال دی

جمعہ 4 دسمبر 2015 12:56

محمد حفیظ نے ون ڈے ٹیم کے ناقص کھیل کی ذمہ داری مصباح الحق پر ڈال دی

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن04دسمبر۔2015ء) محمد حفیظ نے ون ڈے ٹیم کے ناقص کھیل کی ذمہ داری مصباح الحق پر ڈال دی، ان کا کہنا ہے کہ سینئر کرکٹر ایک روزہ فارمیٹ میں بطور کپتان ناکام ثابت ہوئے، اس وقت ایک روزہ ٹیم کی جو حالت ہے اس کے ہم سب بھی قصوروار ہیں۔تفصیلات کے مطابق محمد حفیظ نے ایک روزہ فارمیٹ میں ٹیم کی خراب ترین کارکردگی کا پوسٹ مارٹم کرتے ہوئے مصباح سے دوستی کو پس پشت ڈال دیا۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ایک روزہ ٹیم کی یہ حالت راتوں رات نہیں ہوئی، کوچز، مختلف سلیکشن کمیٹیز، مصباح الحق جیسے کپتان اورتمام کھلاڑی اس کے ذمہ دار ہیں۔اگرچہ مصباح الحق ٹیسٹ کرکٹ میں بہتر قیادت کررہے ہیں مگر ون ڈے فارمیٹ میں وہ ایسا نہیں کرپائے، ہمیں اپنی سلیکشن کو بھی بہتر کرنے کی ضرورت ہے، غیرمستقل مزاجی خرابیوں کا باعث بنتی ہیں، ٹیسٹ ٹیم مستحکم اوراسی لیے کامیابیاں حاصل کررہی ہے لیکن ون ڈے اسکواڈ کے ساتھ ایسا نہیں ہو سکا، اگر پلیئرز کو مستقل ان آؤٹ کیا جائے تو کوئی کیسے بے خوف کرکٹ کھیل پائے گا، اگر آپ کسی کو منتخب کرتے تو پھر صلاحیتوں کے اظہار کیلیے مناسب وقت بھی دیں۔