سری لنکا نے پاک بھارت سیریز کی میزبانی کیلئے تیاریاں مکمل کرلیں

جمعہ 4 دسمبر 2015 12:56

سری لنکا نے پاک بھارت سیریز کی میزبانی کیلئے تیاریاں مکمل کرلیں

کولمبو / دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن04دسمبر۔2015ء) سری لنکا نے پاک بھارت سیریز کی میزبانی کیلئے تیاریاں مکمل کرلیں، پی سی بی کو 2مجوزہ شیڈول ارسال کردیئے گئے ہیں، ٹیموں کی 14 یا 15 دسمبر کی متوقع آمد کے پیش نظر الگ الگ پروگرام ترتیب دیے گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان باہمی سیریز کا اونٹ ابھی کسی کروٹ نہیں بیٹھا مگر ممکنہ میزبان سری لنکا نے اپنی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔

ایس ایل سی کا کہنا ہے کہ سیریز کے انتظامات کیلیے ہم سے پاکستانی بورڈ نے درخواست کی تھی، تین ون ڈے اور اتنے ہی ٹوئنٹی 20 میچز شیڈول کا حصہ بنائے گئے ہیں، یہ مقابلے پالے کیلی اور کولمبو کے آر پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلے جائینگے، ابھی پی سی بی اور بی سی سی آئی میں حتمی طور پر کچھ بھی طے نہیں ہوا، اس لیے سری لنکا نے2الگ الگ شیڈول ترتیب دیکر پی سی بی کو بھیج دیے ہیں۔

(جاری ہے)

اگر ٹیمیں 14 دسمبر کو سری لنکا پہنچتی ہیں تو پھر پہلا اور دوسرا ون ڈے پالے کیلی میں بالترتیب 17 اور 19 دسمبر کو کھیلا جائے گا، 22 تاریخ کو شیڈول تیسرے میچ کیلئے دونوں ٹیمیں کولمبو پہنچیں گی، یہیں پر تینوں ٹونٹی 20 میچز بالترتیب 24، 26 اور 28 دسمبر کو کھیلے جائینگے، ٹیمیں 29 دسمبر کو واپس روانہ بھی ہوجائیں گی۔اگر ٹیمیں 15 دسمبر کو سری لنکا کا رخ کرتی ہیں تو پھر وینیوز وہی رہیں گے، البتہ مقابلوں کی تاریخیں ایک ایک دن آگے ہوجائیں گی، ون ڈے میچز بالترتیب 18، 20 اور 23 دسمبرکو کھیلے جائیں گے، ٹوئنٹی 20 مقابلے 26، 28 اور 30 دسمبر کو ہوں گے، ٹیمیں 31 کو واپس روانہ ہوں گی۔

متعلقہ عنوان :