کراچی ،رینجرز کی کارروائیاں ، کالعدم تنظیموں کے کارکنوں سمیت 11گرفتار

جمعہ 4 دسمبر 2015 16:13

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 دسمبر۔2015ء) کراچی میں رینجرز نے ٹارگٹڈ کارروائیاں کرکے کالعدم تنظیموں کے دہشت گردوں سمیت 11 ملزموں کو گرفتار کرلیاہے ، گرفتار ملزموں میں سانحہ صفورا کا اہم ملزم عبداللہ منصوری عرف منصور پٹھان اور ایک سیاسی جماعت کا یونٹ انچارچ بھی شامل ہے ۔ ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق خفیہ اطلاع پر رینجرز نے گلبرگ اور لیاری میں کالعدم تنظیم کے خفیہ ٹھکانوں پر کارروائی کرکے تین دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ۔

لیاقت آباد اور سائٹ ایریا میں بھی چھاپہ مار کارروائی کے دوران 4 دہشت گرد گرفتار کئے گئے ۔ ملزمان سے بڑی تعداد میں اسلحہ بھی برآمد ہوا ۔ سہراب گوٹھ میں حساس اداروں نے چھاپہ مار کر سانحہ صفورا کے اہم ملزم عبداللہ منصوری عرف منصور پٹھان کو گرفتار کر لیا ۔

(جاری ہے)

لیاقت آباد میں سندھی ہوٹل کے قریب رینجرز نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف سرچ آپریشن کیا اور 3 ملزمان کو حراست میں لے لیا ۔ ان میں سیاسی جماعت کا ایک یونٹ انچارچ بھی شامل ہے ، زیر حراست افراد کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے ۔ رینجرز نے قاسم آباد اور اعظم نگر کا گھیرا کر کے 5 مطلوب ملزمان کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن شروع کیا ۔ ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران مخصوص گھروں کی تلاشی بھی لی گئی ۔

متعلقہ عنوان :