القاعدہ جیسی کالعدم تنظیمیں خودکش بمباروں کی گاڑی کی نمبر پلیٹ پر ’حور72‘ لکھتے ہیں، رپورٹ

جمعہ 4 دسمبر 2015 16:16

القاعدہ جیسی کالعدم تنظیمیں خودکش بمباروں کی گاڑی کی نمبر پلیٹ پر ’حور72‘ ..

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 دسمبر۔2015ء) عرب میڈیا نے دعویٰ کیاہے کہ شدت پسند تنظیمیں خودکش بمباروں کی ذہن سازی کے لیے اخروی زندگی میں اہل ایمان کے لیے کیے گئے وعدوں اور انعام و اکرام کو اپنے حق میں بطور پروپیگنڈہ استعمال کرتے ہیں جس کا اندازہ اس امر سے لگایا جاسکتا کہ خود کش بمبار اپنی گاڑیوں کی جعلی نمبر پلیٹوں پر بھی ’حورعین‘ کی اصطلاح کا استعمال کرتے ہیں۔

شدت پسندوں کا گمان ہے کہ موت سے ہمکنار ہوتے ہی انہیں جنت کی ابدی نعمتوں سے سرفراز کیا جائے گا اورانہیں اس خود کش حملے کے صلے میں 72 حوریں عطا کی جائیں گی۔العربیہ نیوز چینل سے دکھائی جانیوالی تین اقساط پر مشتمل دستاویزی فلم میں 2004ء میں پیش آئے ایک واقعے کے تناظر میں امریکی القاعدہ جنگجو پال جانس کی انگریزی میں ہونے والی گفتگو پیش گئی۔

(جاری ہے)

دہشت گردی کا یہ واقعہ مئی میں الخبر شہر میں پیش آیا تھا جب چار مسلح دہشت گردوں نے دو مقامی کمپنیوں کے دفاتر اور ایک رہائشی پلازے پر اندھا دھند فائرنگ کے بعد بڑی تعداد میں شہریوں کو یرغمال بنا لیا تھا۔ بعد ازاں پولیس نے دہشت گردوں کو بھی محاصرے میں لے لیا تھا۔العربیہ کے مطابق ان خونی وارداتوں، شہریوں کے قتل عام اور انہیں ذبح کیے جانے کے ہولناک مناظر جائے وقوعہ پر نصب کیمروں میں محفوظ ہو گئے تھے۔

بعد ازاں سعودی پولیس اور سیکیورٹی حکام نے دہشت گردوں کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے دو سوکے قریب شہریوں کا محاصرہ کرکے انہیں چھڑا لیا تھا۔پولیس کی کارروائی کے باوجود دہشت گرد 22 سعودی اور غیر ملکی شہریوں کو قتل کرنے میں میں کامیاب رہے تھے۔ فرار کی کوشش کے دوران نمر البقمی نامی ایک دہشت گرد گر پڑا اور اسے گرفتار کر لیا گیالیکن بعد میں اسے پھانسی دے دی گئی تھی۔ اس کے دو ساتھیوں کو ریاض میں پولیس مقابلے میں ہلاک کیا گیا چوتھے کو القصیم سے پکڑا گیا اور اسے پھانسی دے دی گئی۔اس فلم میں القاعدہ سے نمٹنے کیلئے سعودی اقدامات کو بھی خصوصی جگہ دی گئی ۔

متعلقہ عنوان :