پی پی پی کی امیدوارکو نذرآتش کئے جانے کی مذمت ،یوسی کاالیکشن فوری ملتوی کرانے کا مطالبہ

جمعہ 4 دسمبر 2015 21:27

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 دسمبر۔2015ء) پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کونسل کے رکن سیدسہیل عابدی ، سیداعجازالدین شاہ، سینئر رکن سیدناصرجمال ودیگرنے سرجانی میں پاسبان کے پینل میں شامل جمعیت علماء پاکستان کے امیدوار محمدرشید کو پیٹرول ڈال کرجلائے جانے کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ کوئی کراچی کا ٹھیکیداربننے کی کوشش نہ کرے کراچی پرسب کا برابر حق ہے، دہشتگردی کا واقعہ کراچی آپریشن پر سوالیہ نشان ہے،امیدوارکو کافی عرصے سے ڈرایادھمکایاجارہاتھادیواروں پر ان کے خلاف وال چاکنگ بھی کی گئی تھی لیکن ادارے سوتے رہے اور شرپسندوں نے مذموم کارروائی کرکے اداروں کو چیلنج کرتے ہوئے محمدرشید کو بدترین بربریت کا نشانہ بنایالیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ڈی جی رینجرز کابیان خوش آئند ہے کہ لوگ بلاخوف وخطر ووٹ ڈالیں جس سے قوم کو تقویت ملی ہے،اس کے لئے قانون نافذکرنے والے بھی ڈی جی رینجرزسے تعاون کریں اور کراچی میں امن وامان کو یقینی بنائیں۔انہوں نے الیکشن کمیشن سے درخواست کی کہ فوری کارروائی کرتے ہوئے یوسی39،وارڈ۔2ضلع ویسٹ کے انتخابات ملتوی کئے جائیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مجرموں کو گرفتارکرکے قرارواقعی سزادیں اور محمدرشید سمیت دیگر امیدواروں کو تحفظ فراہم کیاجائے۔