یوسی 25کھارادر کے تما م بنیاد ی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے، عبدالقادر نورانی

اہلسنت تنظیموں ، گجراتی ، میمن ، کاٹھیاواڑی برادری کاجے یوپی اورتحریک انصاف کی حمایت کااعلان

جمعہ 4 دسمبر 2015 21:27

کرا چی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 دسمبر۔2015ء) تحریک انصاف اورجے یوپی کے مشترکہ نامزد امیدوار برائے چیئرمین عبدالقادر نورانی نے وارڈ کونسلر محمد عامر سلمان خان کے ہمراہ انتخابی ریلی نکالی جو پنجابی محلہ مچھی میانی روڈ کھارادر پولیس چوکی اور مختلف علا قوں سے گزری ۔ اس موقع پر نامزد امیدوار برائے چیئرمین عبدالقادر نورانی نے کہا کہ تبدیلی کا وقت آگیاہے۔

اپنی یونین کونسل کے مستقبل کا فیصلہ خود اپ کے ہاتھوں میں ہے۔ ووٹ کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کرنا ہو گا ذرا سی غلطی سے سالوں کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔یوسی کے ووٹرز نے پچھلے ادوار میں کھلی آنکھوں سے غلاظتوں کے ڈھیر ، ٹوٹی پھوٹی سڑکیں، نلکوں میں پانی کی جگہ ہوا، سیوریج لائنیں چاک، ابلتے ہوئے گٹر،صفائی کا فقدان بخوبی دیکھا۔

(جاری ہے)

اب تبدیلی کا وقت ہے ووٹ کی طاقت سے مسائل کی دلدل سے نکلنے کا فیصلہ کرنا ہوگااور انشاء اﷲ اگر عوام نے بلے کو ووٹ دیا تو یوسی25کھارادر کو کرا چی کی ماڈل یونین کونسل بنائیں گے اور عوام کو پینے کے صاف پانی کی بھرپور فراہمی اور شاندار سڑکوں کی تعمیر، سیوریج سسٹم کی بہتری، اسٹریٹ لائٹو ں کی تنصیب سے یوسی کو روشنیوں کا مرکز بنائیں گے ۔

عبدالقادر نورانی نے کہا کہ جمیعت علمائے پاکستان اور پاکستان تحریک انصا ف کے اشتراک سے 5دسمبر کو ہر گھر سے بلا نکلے گا اور گیند باؤنڈری لائن سے باہرپھینک کر جیت کا جشن منائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بھتہ کلچر، چندہ گیری، بدامنی کے تابوت میں 5دسمبر کو آخری کیل ٹھونکیں گے۔ اس موقع پر اہلسنت کی نمائندہ تنظیموں، گجراتی، میمن، کاٹھیاواڑی نے بھر پور حمایت کا اعلان کیا۔