ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں نیتھن کو آؤٹ نہ دینا امپائر کی بڑی غلطی تھی،سمتھ کا اعتراف

جمعہ 4 دسمبر 2015 22:11

ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں نیتھن کو آؤٹ نہ دینا امپائر کی بڑی غلطی تھی،سمتھ کا ..

ایڈیلیڈ ۔ 04 دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔04 دسمبر۔2015ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے بعد آسٹریلوی ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز سٹیون سمتھ نے بھی اعتراف کر لیا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ایڈیلیڈ کے تاریخی ٹیسٹ میں ہم وطن پلیئر نیتھن لائن کو آؤٹ قرار نہ دینا امپائر کی بڑی غلطی تھی۔

(جاری ہے)

ٹیسٹ کے دوسرے روز 116 رنز پر آسٹریلیا کی 8 وکٹیں گر گئی تھیں، اس موقع پر نیتھن لائن کیچ آؤٹ ہوئے لیکن آن فیلڈ امپائر نے اپیل مسترد کر دی جس پر میک کولم نے ریویو لیا تاہم تھرڈ امپائر نائیجللانگ نے ہاٹ سپاٹ پر لائن کے آؤٹ ہونے کے واضح ثبوت دیکھ کر بھی انہیں ناٹ آؤٹ قرار دیا تھا اور بعدازاں انہوں نے نویں وکٹ میں 86 رنز کی شراکت جوڑ کر ٹیم کو تباہی سے بچایا تھا۔

سمتھ نے کہا کہ ہمیں بڑی سکرین پر واضح دکھائی دے رہا تھا کہ لائن آؤٹ ہیں لیکن امپائر کا انہیں ناٹ آؤٹ دینا بڑی غلطی تھی۔